یکم مئی کو جامع مسجد دارالشفاء میں شعور بیداری اجلاس
حیدرآباد ۔ 30۔ اپریل (سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم کا اجلاس صدر مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ لوک سبھا انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں اور ان کے امیدواروں کو ناکام بنائیں۔ اجلاس میں مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی ، جناب ضیا الدین نیر ، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، جناب سید منیر الدین احمد مختار ، مولانا محمد شفیق عالم خاں جامعی ، مولانا سید شاہ ظہیرالدین صوفی، مولانا مسعود حسین مجتہدی، مفتی معراج الدین علی ابرار اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پارلیمانی انتخابات کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور شرکاء کی رائے تھی کہ ملک میں لوک سبھا انتخابات اہمیت کے حامل ہے۔ جمہوریت اور دستور کے تحفظ ، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے ہر شہری کو رائے دہی میں حصہ لینا چاہئے ۔ اجلاس میں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں 13 مئی کو رائے دہی کے سلسلہ میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ صد فیصد ووٹنگ کو یقینی بنائیں۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں فرقہ پرست جماعت کے امیدواروں کو شکست دی جائے۔ تمام حلقہ جات میں فرقہ پرستوں کو شکست دینے کی حکمت عملی کے تحت رائے دہی میں حصہ لے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے اضلاع کے ذمہ داروں کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل طئے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ضرورت پڑنے پر اضلاع کے دورے کئے جائیں گے۔ تلنگانہ میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے سلسلہ میں شعور بیداری اجلاس یکم مئی کو بعد نماز عشاء جامع مسجد دارالشفاء میں منعقد ہوگا۔ مساجد کے خطیب و ائمہ حضرات مؤذنین ، متولیان اور انتظامی کمیٹی کے ذمہ داروں سے شرکت کی اپیل کی گئی ۔ 1