ریونت ریڈی اور دیپا داس منشی کی شرکت ، 15 حلقوں پر توجہ، انچارج وزراء کو مہم کی ذمہ داری
حیدرآباد۔/2 جنوری، ( سیاست نیوز)تلنگانہ میں 17 لوک سبھا نشستوں پر انتخابی حکمت عملی طئے کرنے پردیش کانگریس کا توسیعی اجلاس کل 3 جنوری کو منعقد ہوگا۔ تلنگانہ کی نئی انچارج جنرل سکریٹری دیپا داس منشی کے تقرر کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے۔ اسمبلی چناؤ کیلئے مانکیم ٹیگور ایم پی کی جگہ مہاراشٹرا کے سابق وزیر مانک راؤ ٹھاکرے کو انچارج مقرر کیا گیا تھا لیکن تشکیل حکومت کے بعد انہیں گوا و دیگر علاقوں کی ذمہ داری دے کر دیپا داس منشی کو تلنگانہ انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ دیپا داس منشی کیلئے لوک سبھا کی زائد نشستوں پر پارٹی کو کامیابی دلانا ایک چیلنج ہے۔ وہ پردیش کانگریس کے توسیعی اجلاس میں قائدین کو رہنمایانہ خطوط جاری کریں گی تاکہ ابھی سے لوک سبھا کی تیاریوں کا آغاز کیا جاسکے۔ سہ پہر 3 بجے منعقد اجلاس کی صدارت چیف منسٹر و صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کرینگے۔ اجلاس میں اے آئی سی سی انچارج سکریٹریز، پولٹیکل افیرس کمیٹی کے ارکان، پردیش الیکشن کمیٹی ارکان، وزراء، سینئر نائب صدور، نائب صدور، جنرل سکریٹریز ، ضلع کانگریس صدور، محاذی تنظیموں کے صدورنشین اور پارٹی کے ترجمان شرکت کریں گے۔ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے فوری بعد قائدین کو لوک سبھا چناؤ کی تیاریوں میں مصروف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کانگریس اعلیٰ کمان نے دیپا داس منشی کو 17 کے منجملہ 15 لوک سبھا نشستوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کم سے کم 12 نشستوں پر کامیابی حاصل ہو۔ ضلع انچارج وزراء سے طاقتور امیدواروں کی فہرست حاصل کی جائے گی اور انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد سے ریاستی وزراء اپنے متعلقہ اضلاع میں قیام کرتے ہوئے مہم کی قیادت کریں گے۔ اسمبلی انتخابات کی طرح رائے دہندوں میں کانگریس کی 6 ضمانتوں کے بارے میں مناسب تشہیر کی جائے گی۔ پارٹی نے خواتین، کسانوں، نوجوانوں بالخصوص بیروزگار نوجوانوں، طلبہ اور اقلیتوں پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی دوران دیپا داس منشی نئی دہلی سے آج حیدرآباد پہنچیں۔ پارٹی کے کئی سینئر قائدین نے دیپا داس منشی کا طیرانگاہ پر استقبال کیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، اے آئی سی سی سکریٹری ڈاکٹر جی چنا ریڈی، نائب صدر جی نرنجن اور دوسروں نے دیپا داس منشی سے ملاقات کی۔ توسیعی اجلاس کے بعد چیف منسٹر 4 جنوری کو نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے انتخابی تیاریوں سے متعلق اجلاس میں شرکت کریں گے۔1