نئی دہلی: بی جے پی نے 10 جون کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے 22 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ لیکن ان امیدواروں میں کوئی بھی مسلم چہرہ نہیں ہے۔ بی جے پی نے تین مسلم ممبران پارلیمنٹ کو راجیہ سبھا میں بھیجا تھا، جن میں مختار عباس نقوی، سید ظفر اسلام اور ایم جے اکبر ہیں۔ لیکن ان تینوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے،اور تینوں مسلم ممبران پارلیمنٹ کو دوبارہ نامزد بھی نہیں کیا گیا ہے۔ ایسے میں بی جے پی کا کوئی بھی مسلم چہرہ راجیہ سبھا میں نہیں آنے والا ہے۔مختار عباس نقوی کی راجیہ سبھا کی میعاد 7 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ مختار عباس نقوی چھ ماہ میں رکن نہیں بنتے ہیں تو ان کا وزارتی عہدہ جانا یقینی ہے۔ حالانکہ یہ چرچا ہے کہ انہیں رام پور لوک سبھا ضمنی انتخاب میں بی جے پی کا امیدوار بنایا جائے گا۔دوسری طرف سید ظفر اسلام کی میعاد 4 جولائی اور ایم جے اکبر کی میعاد 29 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ فی الحال صدر کی طرف سے نامزدگی کے زمرے میں سات سیٹیں خالی ہیں۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا بی جے پی کسی مسلمان کو نامزدگی کے ذریعہ راجیہ سبھا میں لائے گی؟