لوک سبھا کی کارروائی شوروغل کے سبب دن بھر کیلئے ملتوی

   

نئی دہلی: کانگریس ، ترنمول کانگریس ، بائیں بازو اور کچھ دیگر اپوزیشن پارٹیوں کی ہنگامہ آرائی اور شورو غل کی وجہ سے ایوان زیریں (لوک سبھا) کی کارروائی جمعہ کے روز دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔ایک بار ملتوی ہونے کے بعد جیسے ہی دوپہر 12بجے دوسری بار ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا ، اپوزیشن ارکان ایک بار پھر نعرے لگاتے ہوئے اسپیکر کے پوڈیم کے سامنے آئے ۔پریذائیڈنگ آفیسر کریٹ سولنکی نے اس ہنگامے کے درمیان کہا کہ کچھ ممبروں نے اسپیکر کے سامنے کاروبار ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی ہے ، لیکن ان میں سے کسی کو بھی اسپیکر نے منظور نہیں کیا ہے ۔ سولنکی نے ممبروں کو راضی کرنے کی کوشش کی ، لیکن انہوں نے کوئی بات نہیں مانی۔ مختلف پارٹیوں کے ممبران مختلف امور سے متعلق پلے کارڈ لہرا رہے تھے ۔ ترنمول کانگریس کے کچھ ممبران ہاتھوں میں موبائل دکھا کر نعرے بلند کررہے تھے ۔ہنگامے کے درمیان پریذائڈنگ آفیسرکریٹ سولنکی نے ضروری دستاویز ایوان کی میز پر رکھوائے ،اس کے بعد ایوان کی کارروائی دن کے لئے ملتوی کردی گئی۔ مانسون سیشن شروعات سے ہی لگاتار خلل اندازی کا شکار ہورہا ہے۔ ابتدائی روز سابقہ ارکان جو اس دنیا سے چلے گئے، انہیں خراج پیش کیا گیا۔ اس کے بعد سے حکومت پارلیمنٹ کی کارروائی چلاتے ہوئے اپوزیشن کے سوالات کا جواب دینے میں ناکام ہوئی ہے۔