نئی دہلی : انسداد بدعنوانی کے اعلیٰ ترین ادارے لوک پال کو 2019-20 کے دوران جملہ 1,427 شکایتیں موصول ہوئیں جن سے 613 ریاستی حکومت کے عہدیداروں سے متعلق ہیں اور 4 مرکزی وزراء و ارکان پارلیمنٹ کے خلاف ہیں ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 245 شکایتیں مرکزی حکومت کے عہدیداروں کے خلاف درج کرائی گئیں ۔ عوامی شعبے کے ادارے جات ، سرکاری اداروں ، عدالتی اداروں اور مرکزی سطح کے خود مختار ادارہ جات کے خلاف 200 شکایتیں وصول ہوئیں ۔ اسی طرح خانگی اشخاص اور تنظیموں کے خلاف 135 شکایتیں داخل کی گئیں ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے گذشتہ سال 23 مارچ کو جسٹس پی چندرا گھوش کو لوک پال کے چیرپرسن کی حیثیت سے عہدہ کا حلف دلایا تھا ۔
