نئی دہلی۔26 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ایمرجنسی کو ملک کے 70 سال کی جمہوری تاریخ میں واحد ’سیاہ دھبہ‘ قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ حقوق (رائٹس) اور فرائض(ڈیوٹیز) ایک ہی سکے کے دو پہلو ہوتے ہیں اور ملک کے شہریوں کو ان کے اصل حقوق کے ساتھ ہی اصل فرائض کے تئیں بھی باشعور بنایا جانا چاہئے ۔ نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان کا آئین دنیا کا سب سے تفصیلی تحریری آئین اور ایک متحرک دستاویز ہے ۔ اسے103 بار نظر ثانی کیا گیا ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ ایک تیزی سے تبدیل ملک میں آئین کی موزونیت کم نہیں ہوئی ہے ۔نائب صدر نے آئین سازمسودہ ساز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین تیار کرنے سے پہلے ڈاکٹر امبیڈکر نے 60 ممالک کے آئین کا مطالعہ کیا تھا اور تین سال تک بحث ومباحثہ میں 2،473 ترامیم کے ساتھ اسے ایک مکمل دستاویز بنایا گیا۔