لوگوں کو لوٹنے والے جوڑے کی سنگین واردات بے نقاب

   

کاماریڈی۔ 20 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی ضلع پولیس نے ایک جوڑے کو گرفتار کر تے ہوئے سنگین واردات کو بے نقاب کیا۔ یہ واردات 10؍ اگست کی رات پیش آئی تھی جب راجم پیٹ منڈل کے بسوناپلی کے رہنے والے راجو، ہوٹل ملازم، اپنی ڈیوٹی ختم کر کے موٹر سائیکل پر واپس گھر جا رہے تھے کہ سی ایس آئی چرچ گراؤنڈ کے قریب ایک نامعلوم خاتون نے لِفٹ مانگی۔ راجو نے نیک نیتی سے خاتون کو بٹھا لیا۔ خاتون نے بتایا کہ وہ سارم پلی گاؤں کی ہے اور وہاں اُتارنے کی گزارش کی۔ راجو اُسے لے کر جا رہا تھا کہ خاتون نے راستے میں اپنے ساتھی کو فون کیا۔ بعد ازاں ای ایس آر گارڈن کے قریب ایک نامعلوم شخص موٹر سائیکل پر آکر ان کا راستہ روک دیا۔ خاتون اس شخص کے ساتھ مل کر راجو پر حملہ کیا اور اُس کے جیب سے دو ہزار روپے نقد چھین لیے۔ بعد ازاں انہوں نے زبردستی موبائل کا لاک کھلوانے کے بعد فون بھی چھین لیا اور دھمکی دی کہ اگر اس واردات کی اطلاع دی گئی تو جان سے مار دیا جائے گا۔ دونوں موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔ اس سلسلے میں پولیس کاماریڈی نے مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ضلع ایس پی کی ہدایت اور ایڈیشنل ایس پی کاماریڈی کی نگرانی میں ٹاؤن سرکل انسپکٹر نرہری، ایس آئیز اور عملے نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر علاقے کی سی سی کیمروں کی جانچ کی۔ فوٹیج میں متاثرہ کی موٹر سائیکل پر سوار ایک خاتون نظر آئی۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ اس کا نام بائندلہ بھاگیہ پیشہ مزدور، ساکن دھامرکنٹہ، فی الحال کاماریڈی ہے۔ پولیس نے اُسے حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی تو اس نے جرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ وہ اپنے دوسرے شوہر رائپانی روی کمار و پیشہ میستری، ساکن مٹڈی کنڈی پلی، کاماریڈی، کے ساتھ مل کر ایسے جرائم انجام دیتی ہے۔ دونوں آسانی سے رقم حاصل کرنے کے لیے اکیلے سفر کرنے والے افراد کو نشانہ بناتے، بھاگیہ لِفٹ کے بہانے انہیں گاڑی میں بٹھاتی اور بعد میں اپنے شوہر کو اطلاع دیتی۔ وہ موقع پر پہنچ کر متاثرہ کو ڈراتے دھمکاتے اور رقم و موبائل چھین لیتے۔ اسی منصوبہ کے تحت انہوں نے پیڈدل راجو کو لوٹا تھا۔پولیس نے ان ملزمین کے قبضہ سے 600 سو روپے نقد اور واردات میں استعمال شدہ موٹر سائیکل ضبط کر لی۔ ضلع ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے واضح کیا کہ کاماریڈی میں کسی بھی جرم کے ارتکاب یا کوشش کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ فوری طور پر بے نقاب کیا جائے گا اور مجرموں کو کڑی سزا دلانے کے لیے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
محمد عتیق الدین سہیل خان کو بیسٹ ٹیچر
مدہول ۔20 اگست (سیاست