نئی دہلی ، 12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی بھتیجی قومی دارالحکومت میں قیمتی اشیاء چھین لینے کے واقعات کی تازہ شکار بنی ہے جبکہ ان کا پرس جس میں 50,000 روپئے اور دو موبائل فونس تھے، دو لٹیرے اُس وقت چھین لے گئے جب وہ ہفتہ کو آٹورکشا سے اُتر رہی تھی۔ وزیراعظم کے بھائی پرہلاد مودی کی بیٹی دماینتی بین مودی کی شکایت پر پولیس نے ایک کیس درج کرلیا اور بعد میں دونوں لٹیروں کی شناخت کرلی گئی۔ یہ واقعہ صبح 7 بجے عین اُس وقت پیش آیا جب دماینتی امرتسر سے دہلی پہنچی۔ ایک سینئر پولیس آفیسر نے کہا کہ اسکوٹر پر سوار دو افراد نے دماینتی کا پرس اُڑا لیا جس میں 50,000 روپئے، دو موبائل فونس، چند دستاویزات اور دیگر قیمتی اشیاء تھے۔ وہ نارتھ دہلی کے سیول لائنز علاقہ میں گجراتی سماج بھون پہنچی ہی تھیں کہ لٹیروں نے اپنا کام کرلیا۔ یہ واقعہ لیفٹننٹ گورنر انیل بائجل اور چیف منسٹر اروند کجریوال کی قیامگاہ سے چند کیلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ دماینتی بین کو شام میں احمدآباد کیلئے فلائٹ پکڑنا تھا۔ اس واقعہ پر عام آدمی پارٹی نے مودی حکومت پر نکتہ چینی میں کہا کہ اس سے دہلی میں لا اینڈ آرڈر کی ’’ناقص اور افسوسناک‘‘ صورتحال کی عکاسی ہوتی ہے۔