کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : رچہ کنڈہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم اور سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں لٹیروں کی 7 رکنی بین ریاستی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ چوہان تارا سنگھ ہے اس نے اپنے دیگر ساتھیوں محمد سونو ، بیٹو ، گفتان ، سیف علی ، صادق اور محمد ساجد کی مدد سے علاقے چیتنیہ پوری ، ایل بی نگر ، حیات نگر اور نظام آباد میں سنگین وارداتیں انجام دی ۔ انہوں نے کہا کہ تین سال قبل مسروقہ افراد نے گمان ٹولی تشکیل دی اور یہ ٹولی نے مقفل مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے اشیاء لوٹ لیا کرتے تھے ۔ اس ٹولی کا طریقہ یہ ہے کہ وہ اپنے ملبوسات اتار کر ایک بیاگ میں رکھ لیتے تھے تاکہ واردات انجام دینے کے بعد راہ فرار ہونے میں آسانی ہوتی ۔ اس ٹولی کی سرگرمیوں کو دیکھ کر بعض افراد نے یہ شبہ ظاہر کیا تھا کہ بدنام زمانہ چڈی گینگ ٹولی پھر سرگرم ہوگئی ۔ مہیش بھاگوت نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے علاوہ ہماچل پردیش ، مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں میں جملہ 14 لوٹ لینے کے واقعات میں ملوث ہیں ۔ اکٹوبر 2019 میں رچہ کنڈہ کے علاقہ کنٹلور میں سنگین واردات انجام دینے کے بعد مسروقہ مال کو ایک سنار کے پاس فروخت کرنے کی کوشش کی تھی ۔ اس ٹولی کی سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر اسپیشل آپریشن ٹیم نے سی سی ایس پولیس کی مدد سے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 150 گرام مسروقہ طلائی زیورات ، 400 گرام چاندی ، 3 ہزار نقد رقم اور 2 خنجر جن کی مالیت 6.55 لاکھ ہے برآمد کرلیا ۔۔