لڑکیوں اور خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ، بچپن کی شادیاں رکوانے میں کامیابی

   


74 منچلے افراد کے خلاف کارروائی ، رچہ کنڈہ شی ٹیم کی کارکردگی رپورٹ کی اجرائی
حیدرآباد :۔ خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے رچہ کنڈہ کی شی ٹیم کی جانب سے قابل ستائش اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ شی ٹیم لڑکیوں اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کے معاملات کے علاوہ دفاتر اور کام کے مقامات پر ہراسانی کا بھی سخت نوٹ لے رہی ہے ۔ رچہ کنڈہ شی ٹیم نے اپنی تین ماہ کی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ کو جاری کیا جس میں 7 کم عمر لڑکیوں کی بچپن میں شادیوں کو رکوانے کے علاوہ 74 منچلے افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں ایک ایم بی بی ایس کا طالب علم اور ڈانس ماسٹر شامل ہے ڈانس ماسٹر کے خلاف پی ڈی ایکٹ بھی نافذ کردیا گیا جو بار بار ایک ہی طرح کے جرم کا مرتکب پایا گیا ۔ شی ٹیم کے مطابق 55 بڑے افراد اور 19 نابالغ شامل ہیں ۔ پولیس نے 38 افراد کے خلاف کیس درج کیا اور 6 کو کونسلنگ کے بعد رہا کردیا ۔ اپل کے علاقہ میں ایک 26 سالہ سائی کمار جو ایم بی بی ایس سال آخر کا طالب علم تھا جسے 26 سالہ لڑکی کی شکایت پر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ لڑکی پیشہ سے خانگی ملازمہ ہے ۔ جو بیوٹی پارلر سے اپنے گھر واپس جارہی تھی کہ پیچھے موٹر سیکل پر سوار سائی کمار نے لڑکی کے جسم کو چھوتے ہوئے مبینہ دست درازی کی اور فرار ہوگیا ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کے بعد پولیس نے سائی کمار کو حراست میں لیا اور پوچھ تاچھ کے دوران اس طرح کا ایک اور واقعہ منظر عام پر آیا جس میں سائی کمار نے 13 سالہ لڑکی کے ساتھ بھی اس طرح کی حرکت کیا تھا ۔ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ۔ جب کہ ایک اور واقعہ میں 22 سالہ اسلم عرف اشو کو گرفتار کرلیا گیا اور اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا گیا ۔ اسلم ایک کالج میں ڈانس ماسٹر تھا اور ایک خاتون لکچرر کو وہ پریشان کررہا تھا ۔ فیس بک کے ذریعہ دوستی آہستہ آہستہ ویڈیو کال تک پہونچ گئی اور اسلم نے لڑکی سے شادی کا وعدہ کیا اور برہنہ ویڈیو کال کرنے کی خواہش پر جب لڑکی نے برہنہ ویڈیو کال کیا تو اس نے اس کی ریکارڈنگ کرلی اور اس لڑکی کو دھمکانے لگا ۔ کبھی پیسوں کا مطالبہ تو کبھی جنسی خواہش پوری کرتا تھا ۔ لڑکی کی شکایت پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور تحقیقات کے دوران پولیس کو اس بات کا علم ہوا کہ اسلم نے سابق میں بھی اس طرح کی حرکت کیا تھا ۔ کمشنر پولیس نے اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔۔