لڑکیوں کو ادب و احترام اور حصول علم کیلئے جدوجہد کرنے کا مشورہ

   

جامعۃ المومنات کا جلسہ، فارغین کو اسناد تقسیم، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب

حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( راست ) الحاج محمد محمود علی وزیر داخلہ تلنگانہ اسٹیٹ نے جامعۃ المومنات کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت و دستار بندی منعقدہ اردو مسکن خلوت میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ سب سے پہلی آیت مبارکہ جو نازل فرمائی وہ علم ہی کے متعلق ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ علم حاصل کرو اگرچہ چین میں کیوں نہ ہو۔ وزیر داخلہ نے طالبات کو ترغیب دی کہ وہ اپنے سسرالی رشتہ داروں کا ادب و احترام کریں۔ سسرال کو اپنا گھر سمجھیں اور شوہر کی اطاعت و فرمانبرداری کریں۔ ساس کو چاہیئے کہ وہ اپنی بہو کو بیٹی کی طرح سمجھیں۔ وزیر داخلہ نے جامعۃ المومنات کے تعلیمی معیار کی ستائش کی اور اس بات کا تیقن دیا کہ جامعۃ المومنات کی سند اردو منشی مولوی اور اردو منشی کامل کو ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ کے مماثل کرنے کی جناب چندر شیکھر راو چیف منسٹر سے نمائندگی کریں گے۔ ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری بانی و ناظم اعلیٰ جامعۃ المومنات نے فارغین طلبہ و طالبات کو اسلامی و شرعی احکامات پر گامزن رہنے اور اشاعت دین میں سرگرم رہنے کا حلف دلوایا۔ جلسہ کی سرپرستی مولانا سید شاہ دریش محی الدین قادری مرتضی پاشاہ، صدارت امیر شریعت مولانا مفتی محمد حسن الدین ( صدر مفتی جامعۃ المومنات ) نے کی۔ اس موقع پر جناب آقائی مہدی شاہرخی ( قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران متعینہ حیدرآباد ) بحیثیت مہمان خصوصی انعامات تقسیم کئے۔ ڈاکٹر حافظ محمد مظفر حسین خاں بندہ نوازی نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا عورت سرتا پا پردہ ہے۔ جب وہ باہر نکلتی ہے تو شیطان کو اس کو تانکنے لگتا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مرد و عورت جب تنہا ہوتے ہیں تو تیسرا ان میں شیطان ہوتا ہے اور ایمان کے ستر سے زائد شعبے ہیں ، حیاء بھی ایمان کا ایک شعبہ ہے۔ مفتی محمد نذیر احدم مفتی کشمیر نے جامعہ کے تمام ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر مولانا فصیح الدین نظامی نے ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ نظامیہ اور جامعۃ المومنات کا بھی شمار کیا جاتا ہے۔ مفتیہ ناظمہ عزیز مومناتی نے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ نے ملت اسلامی کی زندگی کا ہر پہلو کے لئے رہنمائی فراہم کی ہے۔