لڑکیوں کو صوم و صلٰوۃ کیساتھ اُمور خانہ داری کی پابند بنانے پر زور

   

Ferty9 Clinic

لالہ گوڑہ میں رشتوں کا دو بہ دو پروگرام، ادارہ سیاست کی خدمات کو خراج، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) ادارہ سیاست ملت فنڈ اور لالہ گوڑہ اولڈ بوائز اسوسی ایشن کے اشتراک سے 104 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام کا یہاں نفیس فنکشن ہال لالہ گوڑہ میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر جناب میر انورالدین نے ادارہ سیاست کی ملی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ اس کو مختلف علاقہ جات میں وسعت دیتے ہوئے مزید مؤثر بنایا جارہا ہے۔ اُنھوں نے دو بہ دو کے کامیاب انعقاد پر اس پروگرام سے تاحال 15 ہزار شادیاں ہونے پر اظہار خوشنودی کیا اور جوڑے، خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔ مومن وہ ہے جو خدا کے احکامات پر عمل پیرا ہو۔ ڈاکٹر ناظم علی نے کہاکہ لڑکی کو شادی کے بعد بہو کے بجائے اپنی بیٹی سمجھنے سے دونوں گھرانوں میں سکون اور خوشحالی ہوتی ہے۔ بتایا کہ آج معاشرہ میں کئی بُرائیاں پیدا ہورہی ہیں۔ چھوٹی چھوٹی غلطیوں اور غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے طلاق، خلع سے بچنا وقت کی ضرورت ہے۔ جناب محمد جہانگیر سکریٹری لالہ گوڑہ اسوسی ایشن نے کہاکہ اچھی بری چیزوں میں تمیز کرنا چاہئے۔ خوفِ خدا پیدا کرنا اور بڑے بزرگوں کا ادب احترام کرنا چاہئے۔ سید تاج الدین صدر لالہ گوڑہ اولڈ بوائز اسوسی ایشن نے کہاکہ مسلم معاشرہ میں آج شادی کے لئے دولت اور حُسن کو ترجیح دی جارہی ہے جبکہ دینداری اور شرافت کو ترجیح دینی چاہئے۔ شادی دو خاندانوں کے ملانے کا ذریعہ ہے۔ مہمان خصوصی محمد بشیرالدین پروپرائٹر نفیس فنکشن ہال لالہ گوڑہ، جناب محمد اقبال پروپرائٹر نیو انڈیا فنکشن ہال تھے۔ صدر جامع مسجد لالہ گوڑہ سید خالق الزماں نے کہاکہ اصلاحی عمل پہلے اپنے گھر خاندان سے شروع ہونا چاہئے۔ نکاح کو آسان کریں زنا مشکل ہوجائے گا۔ عبدالحئی سوشل ورکر نے کہاکہ ادارہ سیاست اچھے کام کررہا ہے۔ شادی بیاہ کے مسائل کے علاوہ ملت و مسلم طبقہ کے سماجی، تعلیمی، معاشی مسائل کو دور کرنے کی کاوش کررہے ہیں۔ بُرائی اچھے لوگوں کی خاموشی کی وجہ سے پھیل رہی ہے۔ بزرگوں کی باتوں پر عمل کریں۔ سنت کے طریقوں کو اپنائیں۔ مولانا مفتی سعادت حسین امام و خطیب مسجد عرفات ایسٹ آنند باغ نے کہاکہ والدین بچوں کی اخلاقی تربیت کریں۔ ان میں شوہر کی خدمت کا جذبہ پیدا کریں۔ لڑکی کو پکوان گھر داری سکھائیں۔ غیر اسلامی تربیت سے رشتے زیادہ ٹوٹ رہے ہیں۔ رشتہ طے کرنے میں اسلامی طرز و منشاء مقصد کو اپنائیں۔ خرافات و غلط رسومات سے اجتناب کریں۔ اس پروگرام میں انجینئرنگ اور پی جی کاؤنٹر پر میر انورالدین، رئیس النساء، صالح بن عبداللہ باحاذق میڈیکل پر ڈاکٹر دردانہ، گریجویٹس میں ڈاکٹر ناظم علی، مہرالنساء، کوثر جہاں، ایس ایس سی، انٹر، عالمہ، فاضلہ وغیرہ میں محمد احمد، آمنہ، ثانیہ، سیکنڈ میاریج میں لطیف النساء، شاہانہ، لیٹ میاریج اور ہینڈی کیپ میں خدیجہ سلطانہ نے کونسلر کے فرائض انجام دیئے۔ فرزانہ نے سپروائزر کے فرائض انجام دیئے۔ رجسٹریشن کاؤنٹر پر ترنم، عائشہ، آفرین، افسر، یاسمین، روبینہ، اسماء، نشاط، حنا، ثنا موجود تھے۔ ڈاکٹر ایوب حیدری اور فریدہ نے شرکت کی۔ خالد محی الدین اسد نے کوآرڈینیٹ کیا اور رہنمائی و رہبری کی۔ 104 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام میں لالہ گوڑہ اولڈ بوائز اسوسی ایشن کے عہدیداران و اراکین جن میں مشیر اعلیٰ مولانا مفتی سعادت حسین، صدر سید تاج الدین، نائب صدر سید سلیم، سید ذاکر، سید ایس اے واجد، معتمد محمد جہانگیر، جوائنٹ سکریٹری محمد عثمان، تنظیمی معتمد سید خالق الزماں، اسسٹنٹ سکریٹری شیخ صدام، خازن سید زین العابدین، اراکین عاملہ میں شیخ محبوب سبحانی، سید محسن، محمد ریاض، سید ایان، خدیجہ، طوبیٰ قابل ذکر ہیں۔ پروگرام کا آغاز مولانا مفتی محمد عثمان کی قرأت کلام پاک سے ہوا اور ابتداء میں محمد عثمان نے خیرمقدم کرتے ہوئے لالہ گوڑہ اولڈ بوائز اسوسی ایشن کی سماجی و ملی خدمات پر روشنی ڈالی۔ نظامت کے فرائض انجام دیئے اور آخر میں محمد ذاکر نے شکریہ ادا کیا۔