لڑکیوں کو ہر میدان میں آگے بڑھنے کا مشورہ : کلکٹر کریم نگر

   

حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکٹوبر ( سیاست نیوز ) کریم نگر ضلع کلکٹر پامیلا پنتھی نے بین الاقوامی بچیوں کے دن کی تقریبات اور بچیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گانا گایا ’’ اوچنناری پچوکا … چنناری پچوکا ‘‘ ( اے چھوٹی چڑیا … پیاری چھوٹی چڑیا ) کے عنوان سے گایا اور اسے کریم نگر کے کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں ویڈیو کی نقاب کشائی کی گئی ۔ ضلع کلکٹر نے لڑکیوں پر زور دیا کہ وہ ہمدردی حاصل کرنے کے بجائے استقامت ، ہنر اور مہارت کے ذریعہ کامیابی حاصل کریں ۔ انہوں نے لڑکیوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی اپنی کارکردگی کو پیش کریں اور مردوں کے برابر مقابلہ کریں ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ لڑکی کی اصل طاقت اس کی مہارت ، اعتماد اور ذہانت میں ہوتی ہے ۔ اس موقع پر ’’ مس کریم نگر ‘‘ مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں شرکاء کو ظاہری شکل کے بجائے ان کے علم ، ہنر اور صلاحیتوں پر پرکھا گیا ۔ ایڈیشنل کلکٹر اشونی تاناجی واکڑے نے کہا کہ محنت اور عزم کے ذریعہ کچھ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ تعلیم لڑکیوں کو اپنی زندگی بدلنے ہر شعبے میں سبقت حاصل کرنے اور مالی خود مختاری حاصل کرنے کے قابل بنانی ہے ۔ انہوں نے لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ دلیری سے آگے بڑھیں اور تمام شعبوں میں مردوں کے برابر مقابلہ کریں ۔ ( ش )