لڑکیوں کی تعلیم کے مخالف طالبان رہنماؤں پر سفری پابندی

   

اقوام متحدہ : افغانستان میں خواتین کو ان کے حقوق سے محروم کرنے والے طالبان رہنماؤں پر اقوام متحدہ نے سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ میڈیا کے مطابق سفارتکاروں نے شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ طالبان کے قائم مقام نائب وزیر تعلیم سید احمد شاہد خیل اور نائب وزیر برائے ہایئر ایجوکیشن عبدالباقی حقانی پر پیر کو سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔خیال رہے کہ دیگر ممالک کے ساتھ مذاکرات کی غرض سے طالبان حکومت کے 15 عہدیداروں کو بین الاقوامی سفر کی اجازت دی گئی تھی جس کی مدت پیر کو پوری ہونا تھی۔ان میں سے 13 طالبان رہنماؤں کو دیے گئے استثنیٰ میں مزید دو ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے تاہم بچیوں کی تعلیم پر پابندی اور خواتین کے حقوق کی پامالیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت تعلیم کے دو عہدیداروں کو بین الاقوامی سفر کی رعایت نہیں دی گئی۔