سرکاری اسکولس میں سہ ماہی خصوصی کورس ، کمشنر محکمہ تعلیمات کے احکامات
حیدرآباد۔4ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں لڑکیوں کوحفاظت خود اختیاری کی تربیت کے خصوصی کورس کروائے جائیں گے اور انہیں مکمل حفاظت خود اختیاری کے سلسلہ میں تربیت کی فراہمی کے لئے حکومت کی جانب سے خصوصی فنڈس کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔کمشنر ایجوکیشن مسٹر ٹی وجئے کمار نے تمام سرکاری اسکولوں کے صدر مدرسین اور ذمہ دارو ںکو ہدایت دی کہ وہ لڑکیوں کو تین ماہ کی خصوصی تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کریں ۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے ریاست کے تمام 1544 سرکاری اسکولوں میں یہ تربیت فراہم کی جائے گی اور اس کے لئے 1.38 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام سرکاری اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے طور پر کراٹے‘ کنگ فو‘مارشل آرٹ کے علاوہ دیگر حفاظت خود اختیاری والے ماہرین کے تقررکے اقدامات کریں اور اس بات کو ممکن بنائیں کہ یہ تربیت کا سلسلہ فروری 2020 تک جاری رہے۔بتایاجاتا ہے کہ احکامات میں یہ واضح ہدایات جاری کی جاچکی ہیں کہ جن ماہرین کا تقرر عمل میں لایا جائے وہ قومی انسٹیٹیوٹ برائے اسپورٹس یا یونیورسٹی سطح کے ماہرین کو مقرر کریں ۔حکومت کی جانب سے طالبات کو حفاظت خود اختیاری کی تربیت کی فراہمی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق بتایاجاتا ہے کہ ریاست میں لڑکیوں اور خواتین کے تحفظ کے سلسلہ میں تیار کی گئی پالیسی کے حصہ کے طور پر اس تربیت کا سلسلہ شروع کیا جا رہاہے اور اس سہ ماہی تربیت کے دوران طالبات کو حفاظت خود اختیاری کی تدابیر اور عملی تربیت کی فراہمی کے ذریعہ انہیں ہنگامی حالات سے نمٹنے اور اپنی حفاظت کے گر سکھائے جائیں گے اور عملی تربیت کے ذریعہ خوفزدہ نہ ہونے کا فن سکھایاجائے گا۔