حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) پوکسو کیسس کی خصوصی عدالت نے ایک سابق فوجی کو لڑکیوں کی سلسلہ وار عصمت ریزی میں قصور وار پائے جانے پر 20 سال کی سزا اور 2 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 32 سالہ برجیش کمار یادو جو سابق میں سگنل ریجمنٹری میں سپاہی تھا۔ وہ اکثر عاشق جوڑوں نشانہ بناتے ہوئے عاشق کو شدید زدوکوب کرنے کے بعد لڑکی کی عصمت ریزی کرتا تھا۔ ڈسمبر 2017 میں اس نے15 سالہ لڑکی کو اس کے بوائے فرینڈ کیساتھ دیکھنے کے بعد انہیں دھمکایا اور لڑکے کو زدوکوب کرکے وہاں سے بھگا دیا اور لڑکی کی عصمت ریزی کی تھی۔ حالانکہ اس کیس میں پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔ 2018 میں اس نے ایک اور جوڑے کو نشانہ بنایا‘ بوائے فرینڈ پر حملہ کردیا اور خود کو وہاں کا انچارج آفیسر ظاہر کرتے ہوئے لڑکی کو جھاڑیوں میں لیجاکر عصمت ریزی کی۔ پولیس نے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا ۔2017 کے کیس میں متاثرہ لڑکی کے ملبوسات اور دیگر اشیاء کو محفوظ رکھا گیاتھاجن کا ڈی این اے ٹسٹ کروایا گیا اور رپورٹ کا دوسری متاثرہ لڑکی کے ڈی این اے ٹسٹ سے تقابل کیا گیا جس پر برجیش کمار یادو کے اس کیس میں ملوث ہونے کا پتہ چلا۔ دونوں مقدمات کو حاکا بھون میں واقع پوکسو کی خصوصی عدالت میں چلایا گیا جہاں پر پولیس نے متاثرہ لڑکیوں میں تحفظ کا احساس پیدا کرتے ہوئے بھروسہ سنٹر کے عملے کی مدد سے انہیں کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں لایا تھا اور اس سلسلہ میں انہیں سفر کے اخراجات بھی فراہم کئے گئے تھے۔ اس کیس میں بھروسہ ٹیم، فارنسک ماہرین، پٹرولنگ پارٹی اور تحقیقاتی اداروں کی کڑی محنت کے نتیجہ میں ملزم برجیش کمار یادو کو عصمت ریزی کے سلسلہ وار واقعات میں قصور وار پا یا اور اسپیشل جج جے کویتا نے 20 سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی اور 2 لاکھ روپئے جرمانہ بھی عائد کیا۔پولیس کمشنر سی وی آنند نے اس کیس میں سرگرم رول ادا کرنے والے تمام پولیس عہدیداروں کی ستائش کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ب