حیدرآباد۔26 ۔جولائی (سیاست نیوز) سماج میں لڑکیوں کی پیدائش کے بارے میں پائے جانے والے منفی رجحان کو ختم کرنے کیلئے کلکٹر محبوب آباد نے منفرد اسکیم شروع کی ہے ۔ کلکٹر ابھیلاشا ابھینو نے لڑکیوں کی پیدائش کی صورت میں گھر والوں کو خوشی و مسرت سے سرشار کرنے کے لئے ضلع کے سرکاری دواخانوں میں لڑکی کی پیدائش پر والدین کو مٹھائی بطور تحفہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لڑکی کی پیدائش کے بعد سرکاری طور پر دواخانہ میں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا جائے گا ۔ کلکٹر نے لڑکیوں اور خواتین کے احترام سے متعلق شعور بیداری کے لئے یہ منفرد پیشرفت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج بھی سماج میں لڑکیوں کی پیدائش پر خاندان خود کو بدقسمت تصور کرتا ہے جبکہ حقیقت میں لڑکا یا لڑکی دونوں خدا کی نعمت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی کی پیدائش کو خوشی کی تقریب میں تبدیل کرنے کی مساعی ہے۔ ڈیلیوری سے قبل ماہر نفسیات کی جانب سے ماں اور ارکان خاندان کو لڑکی کی اہمیت سے واقف کرایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ سماج میں موجودہ نظریہ کو تبدیل کیا جائے۔ ضلع میں پرائمری ہیلت سنٹرس میں ڈیلیوری میں اضافے کی مساعی کی جارہی ہے اور بہتر طبی سہولتیں فراہم کی گئیں۔