ایڈیشنل کلکٹر ضلع نارائن پیٹ میانک متل کا دورہ گرلز ہاسٹل، عہدیداران کو ہدایت
نارائن پیٹ ۔ 21 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اڈیشنل کلکٹر ضلع نارائن پیٹ میانک متل آئی اے ایس نے آج ایس سی ڈیولپمنٹ گرلز ہاسٹل آنند نیلائم کا اچانک دورہ کیا اور لڑکیوں کے لئے ہاسٹل میں دستیاب سہولتوں کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے لڑکیوں کے معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لئے کی جارہی کاوشوں کے سلسلے میں پرنسپل ہاسٹل سے تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے ہاسٹل کے اطراف و اکناف کے ماحول کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے دریافت کیا کہ لڑکیوں کی عصمت و عزت و ناموس کی حفاظت کے لئے انہیں ہاسٹل میں پوری طرح سیکوریٹی فراہم کی جائے۔ آیا کسی بھی قسم کی غفلت و لاپرواہی پر سخت تادیبی کارروائی کا انتباہ دیا۔ بعد ازاں انہوں نے نارائن پیٹ حیدرآباد شاہراہ پر واقع سنگارم گیٹ کے قریب ایس سی ڈیولپمنٹ فار بوائز ہاسٹل کا معائنہ کیا۔ طلباء کو دی جارہی سہولتوں اور غذا کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے ہاسٹل کے احاطہ اور باورچی خانہ کا بھی تفصیلی طور پر معائنہ کیا اور معیاری غذا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔ اس موقع پر متعلقہ ہاسٹلوں کے پرنسپل اور وارڈن و دیگر عملہ موجود تھا۔