لڑکیوں کو بلیک کرنے پر سائبر کرائم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /26 اگست ( سیاست نیوز ) خود کو بڑا تاجر اور ممبئی شہر کا جانا مانا بزنس مین ظاہر کرتے ہوئے لڑکی کے لاکھوں روپئے لوٹنے والے ایک شخص کو سائبرآباد سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 32 سلمان نواز سرکار ساکن بانڈرا ممبئی متوطن ماونٹ روڈ چینائی کو گرفتار کرلیا گیا ۔ فیس بک کے ذریعہ یہ شخص خود کو بڑا تاجر ظاہر کرتا تھا اور دوستی کے نام پر لڑکیوں کو اپنے جال میں پھانسنے کے بعد انہیں بلیک میل کرتا تھا ۔ سائبرآباد سائبر کرائم پولیس نے ایک شکایت کے بعد حرکت میں آتے ہوئے سلمان کو ممبئی سے گرفتار کرلیا ۔ شکایت گذار لڑکی کی شکایت پر پولیس نے بتایا کہ جنوری سال 2018 میں شکایت گذار لڑکی نے فیس بک پر دوستی کی ایک درخواست کو قبول کیا تھا ۔ جس کے بعد دوستی آہستہ آہستہ آگے بڑھنے لگی ۔ سلمان نے مختلف پانچ ستارہ ہوٹلوں میں خانگی سیکوریٹی گارڈز کے ساتھ لی گئی تصاویر کو فیس بک پر پوسٹ کیا ۔ اور لڑکی کو اس بات کا یقین دلایا کہ وہ واقعی رئیس اور دولت مند شخص ہے ۔ لڑکی آسانی سے اس کے جال میں پھنس گئی اور اس نے اس کی باتوں پر یقین کرلیا ۔ ایس ایم ایس چیاٹنگ کے بعد نوبت ویڈیو کالنگ تک پہونچ گئی ۔ اس دوران اس نے لڑکی کی تصاویر کو حاصل کرلیا ۔ ایک دن سلمان نے مجبوری ظاہر کرتے ہوئے لڑکی سے تجارت اور طبی اخراجات کیلئے رقم طلب کی ۔ اس طرح اس نے لڑکی سے تقریباً 12 لاکھ 96 ہزار روپئے حاصل کرلئے ۔ اور پھر مزید رقم کیلئے لڑکی پر زور دینے لگا ۔ لڑکی کی جانب سے انکار پر اس نے فوٹو اور ویڈیوز کو عام کرنیکی دھمکی دی ۔ جس کے بعد لڑکی نے مزید رقم کا انتظام کیا اور تنگ آکر لڑکی نے ہمت جٹائی اور مسئلہ کو پولیس سے رجوع کرلیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے خاطی کو گرفتار کرلیا ۔