حیدرآباد ۔ یکم / اپریل (سیاست نیوز) وٹرنری ڈاکٹر کے بہیمانہ قتل کے اندرون دو دن بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نندیشور گوڑ کے بیٹے آشیش گوڑ کے خلاف اداکارہ سے بدسلوکی اور چھیڑچھاڑ کے الزام میں پولیس مادھاپور نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق یکم ڈسمبر رات دیر گئے آشیش گوڑ مادھاپور کی ایک ہوٹل میں اپنے دوستوں کے ہمراہ داخل ہوا اور وہاں پر موجود ایک اداکارہ سے بدسلوکی کی ۔ اداکارہ نے مادھاپور پولیس سے ایک شکایت درج کرواتے ہوئے سابقہ بی جے پی کی رکن اسمبلی کیخلاف الزام عائد کیا کہ آشیش گوڑ اور اس کے ساتھیوں نے اس سے بدسلوکی کی اور فحش کلامی کا استعمال کیا ۔ بعد ازاں شیشے فرش پر پھینک کر خوفزدہ کرنے کی کوشش کی ۔
اس شکایت کے بعد پولیس مادھاپور نے آشیش گوڑ کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 354 (دست درازی) اور 509 (خاتون سے بدسلوکی) کا ایک مقدمہ درج کیا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس مادھاپور مسٹر شیام پرشاد نے کہا کہ اداکارہ کی شکایت پر سابق رکن اسمبلی کے فرزند کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور وہ پولیس کو مطلوب ہے ۔ پولیس نے مادھاپور کی ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کرلی ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے ۔ مقدمہ درج کئے جانے پر آشیش گوڑ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے خلاف غلط اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جارہی ہیں اور یہ واقعہ کا حوالہ اس وقت کا دیا جارہا ہے جب وہ شادنگر میں بہیمانہ قتل کا شکار ہونے والی وٹرنری ڈاکٹر کے حق میں احتجاج میں مصروف تھے ۔ آشیش گوڑ جو بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے بھی لیڈر ہیں جبکہ نندیشور گوڑ حلقہ اسمبلی پٹن چیرو سے 2009 ء میں کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے اور 2016 ء میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ بعد ازاں 2019 ء میں تلگودیشم میں شامل ہوئے تھے۔