لڑکی کو جسم فروش قرار دینے والا نوجوان گرفتار

   

محبت کی پیشکش کو ٹھکرانے پر انتقام کا شاخسانہ، لڑکی کی شکایت پر کارروائی
حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) محبت کی پیشکش ٹھکرانے پر لڑکی کو جسم فروش ثابت کرنے والے بدقماش نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سائبر کرائم پولیس رچہ کنڈہ نے کارروائی کے دوران 19 سالہ بی پون ساکن جنگاؤں کو گرفتار کرلیا جس نے لڑکی سے پہلے دوستی کی اور اس کے بعد اس سے محبت کا اظہار کیا۔ تاہم لڑکی کی جانب سے محبت کی پیشکش کو ٹھکرانے کے بعد اس نے لڑکی سے بدلہ لینے کی خاطر سوشل میڈیا کے ذریعہ لڑکی کے کردار کو متاثر کیا۔ لڑکی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے پون کو گرفتار کرلیا۔ پون ورنگل جنگاؤں کا متوطن ہے جو تعلیم حاصل کرنے کے لئے بوڈ اپل علاقہ میں واقع اپنے بہنوئی کے مکان میں رہتا ہے۔ گزشتہ سال کالج کو تعطیلات کے بعد اس نے اپنے آبائی مقام کا رُخ کیا اور لڑکی بھی اپنے آبائی مقام گئی جو اتفاق سے ایک گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں۔ لڑکی کو دیکھنے کے بعد پون اس کے قریب ہوا۔ اس نے پہلے لڑکی سے دوستی کرلی اور دونوں نے ایک دوسرے کے پرسنل موبائیل نمبر کا تبادلہ کیا اور دونوں میں بات چیت جاری تھی۔ جیسے ہی لڑکی حیدرآباد واپس ہوگئی۔ پون بھی واپس آگیا اور اس نے لڑکی سے ملاقات کرتے ہوئے محبت کی پیشکش کی۔ لڑکی نے محبت کی پیشکش کو ٹھکرادیا۔ جس کے باوجود پون مسلسل کوشش کرتا رہا لیکن لڑکی نے انکار کردیا جس کے بعد لڑکی سے بدلہ لینے کی خاطر اس نے بہنوئی کا فون استعمال کرتے ہوئے لڑکی کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے اس کی تصاویر حاصل کیں اور لڑکی کے نام سے فرضی فیس بُک اور انسٹا گرام اکاؤنٹ تیار کیا اور اس اکاؤنٹ پر لڑکی کا موبائیل نمبر درج کرتے ہوئے ناقابل بیان انداز میں جملے درج کیا اور عملاً لڑکی کو جسم فروش ظاہر کردیا۔لڑکی نے اس بات کا پتہ چلنے پر شکایت درج کرائی اور پولیس نے پون کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔ ع