لڑکی کی آبروریزی اور قتل پر ملزم کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا گیا

   

کولکاتہ :مغربی بنگال کے علی پور دوار ضلع کے پھالا کاٹا بلاک کے دھرنی پور علاقہ میں چھ سالہ بچی کی عصمت دری کے بعد قتل کے معاملے نے طول پکڑ لیا ہے۔ واقعہ پر علاقہ میں ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ شدید برہم ہجوم نے ملزم نوجوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کے بعد اس کے گھر کو آگ لگادی ۔ حالات سے نمٹنے کثیر تعداد میں پولیس جوان تعینات کر دیے گئے ہیں۔ ملزم اسی علاقے کا رہنے والا تھا۔ وہ جب بچی کی لاش کو تالاب میں پھینک کر آ رہا تھا تو لوگوں نے اس کو پکڑ لیا۔اس کے ہاتھوں میں خون لگا تھا ۔ اطلاعات کے مطابق لڑکی صبح سے لاپتہ تھی۔ افراد خانہ اس کی تلاش کر رہے تھے۔ اسی دوران ایک شخص کے ہاتھ میں خون لگا دیکھ کر لوگوں کو شک ہوا اور وہ اس کو پکڑ کر اس کے گھر لے گئے۔ وہاں جانے پر لوگوں نے دیکھا کہ خون سے شرابور بچی کے کپڑے پڑے تھے۔ پوچھ تاچھ کے بعد اس نے قبول کیا کہ لڑکی سے عصمت ریزی کے بعد اس نے اس کا قتل کر دیا ۔اسپر عوام نے اس کی پٹائی شروع کر دی۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور اسے کسی طرح بچا کر اسپتال لے گئی جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔