حیدرآباد ۔ /19 نومبر (سیاست نیوز) لڑکی پیدا ہونے پر بیوی کو تین طلاق دینے والے شوہر کے خلاف مزید جہیز کی ہراسانی اور نئے قوانین کے تحت ساؤتھ زون وویمن پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اولڈ سفیل گوڑہ سے تعلق رکھنے والی معراج بیگم کی شادی ایک تاجر محمد دستگیری ساکن دبیر پورہ سے سال 2011 ء میں ہوئی تھی اور شادی کے وقت لڑکی والوں نے جہیز بھی دیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شادی کے کچھ دن بعد سے ہی معراج بیگم کو دستگیری اور سسرالی رشتہ دار ہراساں کرنا شروع کردیا تھا ۔ سابق میں معراج بیگم کا ایک بچہ پیدا ہونے کے فوری بعد فوت ہوگیا تھا اور اس کے لئے سسرالی رشتہ دار خاتون کو ذمہ دار قرار دے رہے تھے ۔ اتنا ہی نہیں دواخانہ میں شریک کرنے کے بعد اس کے سسرالی رشتہ داروں نے مبینہ طور پر لاپرواہی کا مظاہرہ کیا اور دواخانہ میں چھوڑدیا تھا ۔ مذکورہ خاتون کو دوبارہ حاملہ ہوگئی اور اسے لڑکی پیدا ہوئی ۔ معراج بیگم کو لڑکا نہ پیدا ہونے پر اس کے شوہر دستگیری نے ہراساں کرنا شروع کردیا اور دوبارہ شادی کرنے کی دھمکی دی اور اکثر مارپیٹ کیا کرتا تھا ۔ پولیس میں درج کی گئی شکایت میں بتایا گیا کہ شوہر نے اس کی بیوی پر بلیڈ سے بھی حملہ کیا تھا ۔ میاں بیوی کے جھگڑے کی یکسوئی کیلئے وویمن پولیس اسٹیشن چارمینار اور بھروسہ سنٹر میں بھی ان دونوں کی کونسلنگ کی گئی تھی ۔ ہفتہ کو کونسلنگ سیشن کے بعد دستگیری نے پولیس اسٹیشن سے باہر نکلتے ہی ارکان خاندان کے سامنے تین طلاق دیدیا ۔ وویمن پولیس ساؤتھ زون نے دستگیری کے خلاف نئے قانون مسلم وویمن پروٹیکشن آف رائیٹس ایپ اور مزید جہیز کی ہراسانی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔