سیاست و ملت فنڈ کا رشتوں کا دو بہ دو پروگرام، مولانا عبدالملک مظاہری و دیگر کا خطاب، والدین و سرپرستوں کی شرکت
حیدرآباد 13 اپریل (سیاست نیوز) مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے لئے انتخاب کا بہترین و زرین موقع آج رائل ریجنسی گارڈن (آصف نگر روبرو پٹرول پمپ) میں 140 ویں دو بہ دو پروگرام منعقد کیا گیا جس میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد اور مضافاتی علاقوں سے والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی جن کو لڑکوں اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس مشاورت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا عبدالملک مظاہری خطیب مسجد فردوس وجئے نگر کالونی اور جناب فیصل بن علی القعیطی پروپرائٹر رائل ریجنسی گارڈن فنکشن ہال آصف نگر اور دوسروں نے شرکت کی۔ مولانا عبدالملک مظاہری نے والدین پر زور دیا کہ جو والدین لڑکے اور لڑکی کا رشتہ لے کر پہنچیں اور اُن کے دین و تقویٰ کی حیثیت سے جانتے ہوں تو اپنے لڑکے اور لڑکی کا نکاح کردو۔ انھوں نے کہاکہ چار بنیادی باتوں پر رشتہ کو اہمیت دی جانی چاہئے جن میں خوف و خدا ترسی کو بڑی اہمیت حاصل ہونی چاہئے۔ جبکہ رشتہ موزوں سے موزوں اور اچھے تلاش کرنے کے لئے تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کو اہمیت دی جارہی ہے اور تب لڑکی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو تو خواہش اس بات کی ہوتی ہے کہ اس سے زیادہ لڑکا اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو اس چکر میں عمر حد سے تجاوز کرتی جارہی ہے۔اُنھوں نے کہاکہ آپسی تعارف کے لئے جب بائیو ڈاٹا پیش کیا جاتا ہے تو اور لڑکا اور لڑکی کے والدین تحقیق کرواتے ہیں تو حقیقت کچھ اور ہی نظر آتی ہے جس کی وجہ سے موزوں رشتے ہو نہیں پارہے ہیں۔ اس لئے بائیو ڈاٹا میں جو تفصیلات ہوں وہ سچ کی بناء پر ہونی چاہئے۔ بائیو ڈاٹا میں لکھا ہوا کچھ اور تحقیق کرنے پر کچھ اور ہی معلومات حاصل ہوتی ہیں اس سے بھی رشتے ہونے میں دیر ہورہی ہے۔ رشتہ کے لئے موزوں سے موزوں تلاش میں مرد حضرات کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے قرآن کی آیات اور سیرت نبوی ﷺ کے واقعات سے ایک مثالی گھر اور آسان سے آسان شادی کو کس طرح انجام دیا جاسکتا ہے اُس پر بھی روشنی ڈالی۔ محمد ناظم علی نے کہاکہ اِن دنوں روز بروز شادی بیاہ کا مسئلہ بڑی سنگین صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے جس کے لئے کئی لڑکیاں موزوں رشتہ کی تلاش میں اپنی عمر کو پار کررہی ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ اسلام کے حیات آفرین پیعام نے ایک مثالی شادی کا جو روپ دیا ہے اُس کو اپنایا جائے۔ جناب محمد احمد نے کہاکہ سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام دو بہ دو ملاقات پروگرام جو جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست و رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ اور جناب ظہیرالدین علی خاں مرحوم اور اُن کے بعد اُن کے فرزندان جناب اصغر علی خاں اور جناب فخر علی خاں کی دلچسپی کے بناء آج یہ اقطاع عالم میں اپنی شناخت بناچکا ہے ۔والدین پڑوسی ریاستوں سے پہنچ کر اس پروگرام سے استفادہ حاصل کرتے ہیں۔ جناب فیصل بن علی القیعطی نے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر اور رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ اور جناب ظہیرالدین علی خاں کے فرزندان اور پروگرام کے اسٹاف کو مبارکباد دی جن کی انتھک جدوجہد اور محنت کی بناء آج یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ شادی اور رشتے کے انتخاب میں اسلامی اُصول اور سادگی کو اپنایا جائے گا تو آگے چل کر مسائل پیدا ہی نہ ہوں گے ۔ پروگرام میں گرمی کی شدید تمازت کے باوجود تعلیمی قابلیت لحاظ سے والدین کو رشتوں کو ڈھونڈنے کے لئے جو کاؤنٹرس کا نظم کیا گیا تھا اُس پر پہنچ کر والدین ایک دوسرے سے مشاورت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ انجینئرنگ سیکشن میں پروجکٹر کی مدد سے والدین کو لڑکوں کے فوٹوز بتائے گئے۔ اس کاؤنٹر پر ڈاکٹر محمد ناظم علی، غلام محی الدین فاروق، سیدہ محمدی اور رئیس النساء نے والدین کا تعاون کیا۔ والدین کی سہولت کے لئے تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے انجینئرنگ کے علاوہ میڈیسن، گریجویشن، پوسٹ گریجویشن، ایم بی اے، ایم سی اے، انٹرمیڈیٹ، ایس ایس سی، عالم و فاضل، عقدثانی، تاخیر سے شادی اور معذورین کے لئے کاؤنٹرس رکھا گیا۔ ان کاؤنٹرس پر والدین اور سرپرست پہنچ کر والینٹرس سے بات چیت کرتے دیکھے گئے۔ ان کاؤنٹرس پر علی الترتیب ثانیہ، لطیف النساء، لطیف تسکین، لطیف اسد، فردوس، آمنہ خان، شاہانہ، مسکان، سیما و رئیسہ ، کوثر جہاں اور دوسروں نے والدین کی رہبری کی۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینیٹر پروگرام نے والدین اور سرپرستوں کو پروگرام کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ 4 بجے شام تک یہ دو بہ دو پروگرام جاری رہا۔ جناب صالح بن عبداللہ بن حازق نے علماء کرام، شرکاء اور والدین کا خیرمقدم کیا اور پروگرام کا تعارف پیش کرتے ہوئے کارروائی چلائی۔ اس موقع پر شیخ نظام الدین لئیق، شیخ احمد، منور، عامر، عثمان اور دوسروں نے حصہ لیا۔ اس پروگرام میں پرانے شہر کے مختلف محلہ جات کے علاوہ نامپلی، پراناپل، آغاپورہ، مہدی پٹنم، وجئے نگر کالونی، آصف نگر، جھرہ، مہدی پٹنم، کاروان اور پڑوسی ریاستوں سے والدین نے شرکت کی۔ جناب خالد محی الدین اسد نے مالکین رائل ریجنسی گارڈن جناب سعید بن محمد القعیطی اور جناب فیصل بن علی القعیطی کے علاوہ محکمہ پولیس سے اظہار تشکر کیا۔ 5 بجے شام دو بہ دو ملاقات پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ سیاست کے فیس بُک، اسکیپ، یو ٹیوب پر راست اس پروگرام کا مشاہدہ عوام نے کیا۔ اس پروگرام کو حیدرآباد، ملک کی تمام ریاستوں کے اضلاع، بیرونی ممالک امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، سعودی عرب، دوحہ قطر اور دوبئی دیگر ممالک میں مقیم حیدرآبادیوں کے لئے پروگرام کے آغاز سے لے کر اختتام تک افراد نے مشاہدہ کیا۔