لڑکے کی غذائی نالی میں پھنسی مرغ کی ہڈی کو نکالا گیا

   

حیدرآباد 26 جنوری (سیاست نیوز) 2 سنٹی میٹر لمبی مرغ کی ایک ہڈی کو جو سیری لنگم پلی کے ایک 10 سالہ لڑکے کی غذائی نالی میں پھنس گئی تھی، شہر کے کانٹی نینٹل ہاسپٹلس کے سرجنس نے کامیابی کے ساتھ نکال دیا۔ ہڈی پھنسنے کے دو دن بعد اس لڑکے کے والدین اسے تیز بخار کے حالت میں دواخانہ کو لے گئے۔ اس لڑکے کی حالت ایسی تھی کہ اسے فوری انٹروینشن کی ضرورت تھی۔ کانٹی نینٹل ہاسپٹلس کے میڈیکل گیسٹرو انٹرولوجسٹ ڈاکٹر رگھورام کی قیادت میں ڈاکٹرس کی ایک ٹیم نے نرخرے سے مرغ کی ہڈی کو محفوظ طور پر نکالنے کے بعد انڈواسکوپک کلپنگ انجام دی۔ اس طرح اس لڑکے کی غذائی نالی کی کارکردگی کو پوری طرح بحال کیا گیا۔ ڈاکٹر رگھورام نے کہاکہ اس طرح کے کیسیس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس میں تاخیر سے انفیکشن اور پیچیدگیوں کا خطرہ ہوتا ہے جو مہلک بھی ہوسکتا ہے۔