ایڈمنسٹریٹر کو واپس طلب کیا جائے: عزیز پاشاہ
حیدرآباد: سی پی آئی اور آل انڈیا تنظیم انصاف کی جانب سے وائی ایم سی اے پر دھرنا منظم کرتے ہوئے لکشادیپ کے عوام سے اظہار یگانگت کیا گیا ۔ بی جے پی کے مقرر کردہ ایڈمنسٹریٹر پرافل پٹیل کے فیصلوں کے خلاف لکشادیپ کے عوام احتجاج کر رہے ہیں۔ سابق رکن راجیہ سبھا اور سی پی آئی کی قومی عاملہ کے رکن سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی نان آئی اے ایس کیڈر کو لکشادیپ میں ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ جزیرہ کورونا سے پاک ہے لیکن نئے ایڈمنسٹریٹر کی کورنٹائن پالیسی کے نتیجہ میں 6000 کیسیس منظر عام پر آئے ۔ جزیرہ میں جرائم کی شرح صفر ہیں لیکن وہاں اینٹی غنڈہ ایکٹ نافذ کیا گیا ۔ مقامی عوام کو بیف کھانے سے روک دیا گیا ۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی لکشدیپ کے عوام کے صبر کا امتحان لے رہے ہیں۔ مرکز کو چاہئے کہ ایڈمنسٹریٹر کو فوری واپس طلب کرے۔ سی پی آئی کے سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا نے لکشادیپ کے معاملات کو کیرالا کے بجائے بنگلور ہائی کورٹ منتقل کرنے کی تجویز پر حیرت کا اظہار کیا۔ سکریٹری یوتھ فیڈریشن ولی اللہ کے علاوہ تنظیم انصاف کے قائدین محمد فیاض ، بی اسٹالن ، شنکر نائک ،محمد شمس الدین کے یادگیری ، این سریکانت ، شیخ ندیم ، محمد خلیل اللہ ، محمد محمود ، آمنہ ، صلاح الدین ، سہیل اور دوسروں نے دھرنے میں حصہ لیا۔