بنگلورو :کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے جمعہ کو کہا کہ بی جے پی لیڈررہے لکشمن ساودی کا کانگریس میں شامل ہونا ان کی بڑی غلطی ہے ۔ بومئی نے کہا کہ بی جے پی میں کئی سال گزارنے کے بعد لکشمن کو پارٹی میں اندرونی جھگڑوں کی وجہ سے کانگریس میں شامل نہیں ہونا چاہئے ۔کانگریس دیگر پارٹی قائدین کے بل بوتے پر الیکشن لڑرہی ہے۔
اس دوران کرناٹک بی جے پی کے انچارج ارون سنگھ نے کہا کہ الیکشن ہارنے کے باوجود پارٹی نے انہیں قانون ساز کونسلر (ایم ایل سی) اور نائب وزیر اعلیٰ بنایا۔مسٹر بومئی نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کے پاس 60 حلقوں سے الیکشن لڑنے کے لیے امیدوار نہیں ہیں، اس لیے وہ دوسری پارٹیوں کے امیدواروں کو شامل کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا، “جیسا کہ توقع تھی، حکمران پارٹی کے ٹکٹ کے لیے بہت زیادہ درخواست دہندگان ہوں گے ۔ انہوں نے (ساودی) کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ انہیں اس پارٹی میں مستقبل نظر آتا ہے ۔ لیکن اس سے بی جے پی کے امکانات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ہم اپنا کام کریں گے ۔ یقینی طور پر بی جے پی جیتے گی اور جلد ہی ہم تیسری فہرست جاری کر رہے ہیں۔