لکشمی پاروتی اور ایم نرسمہلو کی این ٹی آر گھاٹ آمد

   

کے سی آر سے گھاٹ کی مناسب نگہداشت کی اپیل
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) آنجہانی این ٹی راما راؤ کی بیوہ لکشمی پاروتی نے الزام عائد کیا کہ این ٹی آر کی موت کے ذمہ دار افراد بے خوف گھوم رہے ہیں اور انہیں اپنے جرم پر کوئی شرمندگی نہیں ہے۔ لکشمی پاروتی جو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری ہیں، آج این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا ۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لکشمی پاروتی نے کہا کہ این ٹی آر آج بھی تلگو عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر کے نظریات پر عمل آوری انہیں حقیقی معنوں میں خراج ہوگا ۔ این ٹی آر نے ہمیشہ خواتین کا احترام کیا لیکن آج تلگو دیشم قائدین خواتین کی توہین کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر گھاٹ کی نگہداشت موثر انداز میں نہیں کی جارہی ہے جو این ٹی آر کی توہین ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سے اپیل کی کہ وہ این ٹی آر گھاٹ کی مناسب نگہداشت کو یقینی بنائیں۔ اسی دوران تلگو دیشم کے ایک اور ناراض قائد سابق وزیر ایم نرسمہلو نے این ٹی آر کو خراج پیش کرنے کے بعد کہا کہ تلنگانہ سے تلگو دیشم کا صفایا ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام افراد کو وزیر بنانے کا اعزاز این ٹی آر کو حاصل ہے جنہوں نے کئی گمنام شخصیتوں کو سیاسی میدان میں متعارف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات میں این ٹی آر کا کوئی ثانی نہیں جنہوں نے عوام میں سیاسی شعور بیدار کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر کے شروع کردہ کئی اسکیمات پر آج تک عمل آوری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو تلگو دیشم کی تائید کی مخالفت کرنے پر انہیں پارٹی سے معطل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مخالفت درست ثابت ہوئی اور تلنگانہ سے تلگو دیشم کا صفایا ہوچکا ہے۔