لکشمی پاروتی اور پونم کور کو سوشیل میڈیا پر ہراساں کرنے والا خودسپرد

   

Ferty9 Clinic

وائی ایس آر سی پی قائد کوٹیشور راؤ نامپلی عدالت سے رجوع ، دوسرا ملزم مفرور
حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) سوشل میڈیا کے ذریعہ آنجہانی چیف منسٹر آندھرا پردیش این ٹی راما راؤ کی اہلیہ لکشمی پاروتی اور تلگو فلم اداکارہ پونم کور کو ہراساں کرنے والے وائی ایس آر سی پی قائد کوٹیشور راؤ عرف کوٹی نے نامپلی کورٹ میں خودسپردگی اختیار کرلی ہے جسے سی سی ایس کے حوالہ کردیا گیا ہے۔ ماہ اپریل کے دوران لکشمی پاروتی نے ڈی جی پی سے ملاقات کرتے ہوئے اس بات کی شکایت کی تھی سوشل میڈیا پران کے خلاف ہتک آمیز پوسٹ کے ذریعہ انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس کے علاوہ تلگو اداکارہ پونم کور نے سی سی ایس سے رجوع ہوتے ہوئے اس بات کی شکایت کی تھی کہ ان کے فرضی آڈیو کلپس کو سوشل میڈیا پر پھیلاتے ہوئے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور انہیں پون کلیان سے جوڑتے ہوئے انہیں ہراساں کیا جانے لگا ہے ۔ ماہ اپریل کے دوران دونوں ہی شکایتوں کا پولیس کی جانب سے جائزہ لیا جارہا تھا اور پولیس اس بات کی تحقیق کر رہی تھی کہ یہ کام کسی گروپ کا ہے یا پھر کوئی ایک شخص ان دونوں اہم شخصیتوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ دونوں شکایتوں کی تحقیقات کے دوران ملزم کی عدالت میں خودسپردگی کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹ کے سلسلہ میں پولیس کی جانب سے کی جانے والی قانونی کاروائی کے پیش نظر ملزم کوٹیشور راؤ نے عدالت میں خودسپردگی اختیار کرلی ہے۔اڈیشنل ڈی سی پی کے سی ایس رگھو نے بتایاکہ محکمہ پولیس کی جانب سے دونوں شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے ملزمین کے خلاف کاروائی کی جانے والی تھی اور پولیس کوٹیشور راؤ کے علاوہ اس کے ایک ساتھی کی نشاندہی کی ہے جنہوں نے ان اہم شخصیتوں کو ہراساں کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا پر پوسٹ وائرل کئے تھے جن میں ایک شخص نے آج خود سپردگی اختیار کرلی ہے جبکہ دوسرے اب بھی پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔