برمنگھم ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نوجوان لکشیاسین نے آل انگلینڈ اوپن میں اپنے کریئر کا شاندار آغاز کرتے ہوئے چینی تائی پائی کے عالمی نمبر 18 ویں کھلاڑی کے خلاف ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے اور ٹورنمنٹ کے دوسرے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے لیکن بڑے کھلاڑیوں جیسے سائنا نہوال، سائی پرنیت اور کڈمبی سریکانت کو پہلے ہی راونڈ میں شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ پی وی سندھو نے آسانی کے ساتھ دوسرے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ہندوستان کیلئے پہلے مرحلہ کے مقابلوں میں نوجوان کھلاڑی لکشیا توجہ کا مرکز رہے جن کا عالمی درجہ بندی میں 29 واں مقام ہے۔ انہوں نے لی کے خلاف ناقص شروعات اور پیچھے رہنے کے باوجود 59 منٹ طویل اس مقابلہ میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ لکشیا جوکہ پہلی گیم 17-21 سے گنوانے کے باوجود دوسرے دو گیمس میں واپسی کرتے ہوئے مقابلہ 17-21,21-8,21-17 سے اپنے نام کیا۔ لکشیا نے مقابلہ کا آغاز بھی شاندار طریقہ سے کیا تھا اور ایک موقع پر وہ 7-4 کی سبقت بنا لی تھی لیکن اس کے بعد لی نے اپنا تجربہ دکھاتے ہوئے مقابلہ میں واپسی کی اور پہلی گیم اپنے نام کی۔ ورلڈ چمپئن شپ میں برونز میڈل حاصل کرنے والے سائی پرنیت کو چینی کھلاڑی ژو جاونگ پنگ کے خلاف 12-21,13-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ دن کے ابتداء میں کڈمبی سریکانت کو اولمپک چمپئن چین لانگ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔ سائنا نہوال کو پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں جاپان کی اکین یاماگوچی کے خلاف 11-21,8-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔