لکھنؤ میں ہاٹ اسپاٹس کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش

,

   

لکھنؤ ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش حکومت نے کوروناوائرس سے متاثرہ 18 ہاٹ اسپاٹس کے منجملہ 8 مقامات کو مساجد سے موسوم کیا ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے ان علاقوں کے مسلمانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے مبینہ طور پر حکومت کے اس اقدام کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی سازش قرار دیا۔ اپوزیشن کا کہنا ہیکہ حکومت بیماری کو فرقہ وارانہ رنگ نہ دے بلکہ اس کے خلاف لڑائی پر توجہ دینی چاہئے۔ لکھنؤ کے صدر بازار ہاٹ اسپاٹ کو مسجد علی جان کا نام دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایک اور ہاٹ اسپاٹ کو محمدیہ مسجد کا نام دیا گیا ہے۔ وزیرگنج میں کھجوروالی مسجد اور تروینی نگر اور پھول باغ میں نذرباغ مسجد کا ہاٹ اسپاٹ نام دیا گیا ہے۔ سینئر قائد سماج وادی پارٹی جوہی سنگھ نے کہا کہ مذہب کو ایسی تمام چیزوں سے دور رکھنا چاہئے۔ صورتحال پہلے ہی سنگین ہے اس کو مزید پیچیدہ نہیں کرنا چاہئے۔ صدر بازار علاقہ میں تاحال کوروناوائرس سے 95 مثبت کیسیس پائے گئے ہیں۔