لکھنؤ ۔ ایودھیا ہائی وے پر خوفناک حادثہ ،18 ہلاک

   

بارہ بنکی : ایک ٹرک کی ڈبل ڈیکر بس کو خوفناک ٹکر کے نتیجہ میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور 25 دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس نے آج بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی رات دیر گئے لکھنؤ۔ ایودھیا ہائی وے پر رام سنیہی گھاٹ علاقہ میں پیش آیا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ جس وقت حادثہ پیش آیا تب موسلادھار بارش ہورہی تھی اور اس سے بچاؤ آپریشن میں مسائل پیش آئے۔ پنجاب اور ہریانہ سے ایک پرائیویٹ بس زائد از 130 مسافرین کے ساتھ بہار کو جارہی تھی۔ بس کا ایکسل ٹوٹ گیا اور اسے سڑک پر روک دینا پڑا جہاں پیچھے سے تیز رفتار سے آنے والے ٹرک نے اسے ٹکر مار دی۔ بعض مسافرین بس کے اطراف کھڑے تھے اور بعض دیگر وہاں آرام کررہے تھے۔ چند مسافرین حادثہ کے وقت بس میں ہی بیٹھے ہوئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ 11 مسافرین برسرموقع ہلاک ہوئے، 7 نے دواخانہ جاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (لکھنؤ زون) ایس این ثابت نے کہا کہ مہلوکین میں زیادہ تر بہار کے مزدور ہیں جو پنجاب اور ہریانہ میں دھان کی فصل بونے کے بعد وطن واپس ہورہے تھے۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی مقام حادثہ پر پہنچ کر مقامی افراد کی مدد سے بچاؤ آپریشن شروع کیا۔ زخمیوں کو مقامی دواخانہ کو پہنچایا گیا اور وہاں سے شدید زخمیوں کو لکھنؤ کے ٹراماسنٹر کو منتقل کیا گیا۔