پونے۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو ہفتہ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں لکھنؤ سوپر جائنٹس کے خلاف فارم میں موجود کپتان کے ایل راہول سے ہوشیار رہنا ہوگا۔راہول کی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے لکھنؤ نے 10 میں سے سات میچ جیتے ہیں اور پوائنٹس ٹیبل میں 14 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔جہاں لکھنؤ کی ٹیم پلے آف میں جگہ حاصل کرنے کے قریب ہے، وہیں کے کے آرکو اگر اپنی امیدوں کو زندہ رکھنا ہے تو اسے کسی بھی قیمت پر یہ میچ جیتنا ہوگا۔ ان کے 10 میچوں میں چار جیت سے آٹھ پوائنٹس ہیں اور وہ اس وقت آٹھویں نمبر پر ہیں۔ راہول اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔ انہوں نے 10 میچوں میں 451 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں اور اتنی ہی نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے پچھلے میچ میں دہلی کیپٹلس کے خلاف چھ رنز کی فتح میں 77 رنز کی اہم اننگز کھیلی تھی۔ کے کے آر کے بولروں امیش یادو، ٹم ساؤتھی، شیوم ماوی اور سنیل نارائن کے لیے راہول کو روکنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ لکھنؤ کے دیگر بیٹرس جیسے کوئنٹن ڈی کاک، آیوش بدونی، دیپک ہڈا اور کرونل پانڈیا کو بھی زیادہ ذمہ داری لینے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس اور جیسن ہولڈرکی کارکردگی بھی بہت اہمیت کی حامل ہوگی۔ گزشتہ میچ میں چار وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر محسن خان ہر اگلے میچ میں بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں لیکن دشمنتھا چمیرا، ہولڈر اور پانڈیا کو دہلی کے خلاف اپنی خراب کارکردگی کو ایک طرف رکھ کر نئے سرے سے آغاز کرنا ہوگا۔ اسپنر روی بشنوئی اورکے گوتم کے چار چار اوور بھی اہم ہوں گے۔ دریں اثنا کے کے آرکے لیے سب سے بڑی پریشانی ان کے اوپنرز ہیں جو رنز بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ کے کے آر نے آرڈر کے اوپری حصے میں مختلف کھلاڑی آزمائے ہیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اگر ارون فنچ اور بابا اندرجیت دوبارہ اننگز کا آغاز کرتے ہیں تو دونوں کو جارحانہ بیٹنگ کرنی ہوگی۔کپتان شریاس آئیر نے 10 میچوں میں 324 رنز بنائے ہیں جو ان کی صلاحیتوں کے مطابق نہیں ہے۔ انہوں نے صرف دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انہیں مثالی قیادت کرنی ہوگی اور بڑی اننگز کھیلنی ہوگی۔ تاہم کے کے آر کی ٹیم مینجمنٹ کو خوشی ہوگی کہ ان کے مڈل آرڈر نتیش رانا اور رنکو سنگھ نے راجستھان کے خلاف میچ جیتنے والی اننگز کھیلی۔ یہ جوڑی جارحانہ آندرے رسل کے ساتھ لکھنؤ کے بولنگ پرحاوی ہوسکتی ہے۔کے کے آراسپنر انوکول رائے کو لے سکتا ہے، جنہوں نے پچھلے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ کے کے آر نے راجستھان کے خلاف یہ میچ جیت کر لگاتار پانچ شکستوں کو توڑا تھا۔