لکھنو میں مینگو پارک اور میموزیم قائم کرنے حکومت اترپردیش کا اعلان

   

لکھنو ۔ 8 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : اترپردیش حکومت نے لکھنو میں ایک مینگو پارک قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے ۔ لکھنو آم کی پیداوار کا مرکز بھی ہے ۔ لکھنو میونسپل کارپوریشن نے تقریبا 18 کروڑ روپئے کے تخمینہ بجٹ سے رائے بریلی روڈ پر کسان پاتھ کے قریب ، کلی ویسٹ میں 15 ایکرس پر یہ پارک بنانے کا کام شروع کیا ہے ۔ حکومت کے ایک ترجمان نے یہ بات کہی ہے ۔ اس پارک میں 108 مختلف قسم کے 2068 آم کے درخت ہوں گے ۔ یوم آزادی کے موقع پر 15 اگست کو چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ بھی یہاں پودے لگائیں گے ۔ مشن امرت 2.0 کے حصہ کے طور پر اس پارک کے قیام کا مقصد آم کی 108 اقسام جیسے امراپالی ، امبیکا ، دسیری اور چاوسا کی نمائش کرنا ہے ۔ لکھنو میونسپل کمشنر اندرجیت مانی سنگھ کے مطابق اس پارک کے اندر ایک 400 مربع میٹر کا ایک مینگو میوزیم قائم کیا جائے گا ۔ یہ پارک نہ صرف وزیٹرس کے لیے آم کے کے لیے ہوگا بلکہ اس کی تعلیمی اہمیت بھی ہوگی ۔ ڈیجیٹل میڈیمس کے ذریعہ ملک بھر میں کاشت کئے جانے والے تقریبا 775 آم کی اقسام کی تفصیلات سے واقف کیا جائے گا ۔ آم کی فروخت کے لیے ایک ’ مینگو ہاٹ ‘ قائم کیا جائے گا ۔ اس کے لیے یو پی ہارٹیکلچر ڈپارٹمنٹ اور سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف سب ٹراپیکل ہارٹیکلچر کی مدد بھی لی جائے گی ۔۔