لکھنو کا نام بھی تبدیل ہوسکتا ہے !

   

لکھنو: لکھنو کا نام بدلنے کی بحث ایک بار پھر تیز ہوگئی ہے، ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے بعد اب لکھنو کا نام بدل کر لکشمن پور یا لکھن پور کرنے کی بات کہی جارہی ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں محکمہ ریونیو سے رپورٹ طلب کی ہے۔لکھنو کے ایم پی اور مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے دفتر کے انچارج ڈاکٹر راگھویندر شکلا نے ایک خط لکھا ہے جس میں لکھنوکا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس کا حوالہ دیتے ہوئے ڈپٹی سکریٹری راکیش کمار یادو نے کمشنر اور شعبہ ریونیو سے رپورٹ طلب کی ہے۔
دراصل ایم پی کے دفتر سے یہ خط رام مندر کی افتتاحی تقریب کے دو دن بعد 24 جنوری کو لکھا گیا تھا، جس میں راگھویندر شکلا نے مطالبہ کیا تھا کہ رام مندر کی تعمیر کے بعدلکھنو کا نام بھی بھگوان رام کے چھوٹے بھائی لکشمن کے نام پر رکھا جائے۔اس خط میں انہوں نے دلیل دی کہ اب جب کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ہوہی چکی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کا افتتاح کرہی دیا ہے، تو اب لکھنوشہر کا نام بھی تبدیل کیا جائے۔