دھرنا چوک پر سینئر قائدین شرکت کریں گے
حیدرآباد۔/10اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر ملک بھر میں لکھیم پور واقعہ کے خلاف کانگریس کی جانب سے ہر ریاست میں خاموش احتجاج منظم کیا جائے گا۔ ورکنگ پریسیڈنٹ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کے مطابق کل 11 اکٹوبر کو صبح 10 تا ایک بجے دن دھرنا چوک پر خاموش احتجاج منظم کیا جائے گا جس کا مقصد مرکزی مملکتی وزیر داخلہ اجئے کمار مشرا کو برطرف کرنے کی مانگ کرنا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور کانگریس کے سینئر قائدین احتجاج میں حصہ لیں گے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ لکھیم پور واقعہ میں یوگی حکومت کی جانبداری واضح ہوچکی ہے۔ کسانوں کو گاڑی سے روندنے کے واقعہ کے ایک ہفتہ بعد پولیس نے عوامی دباؤ کے تحت مرکزی وزیر کے فرزند کو حراست میں لیا ہے۔ کانگریس پارٹی اس واقعہ کے ذمہ دار مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کی برخاستگی کا مطالبہ کررہی ہے کیونکہ واقعہ سے چند دن قبل انہوں نے کسانوں کو ایک جلسہ عام میں سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ کسانوں سے ملاقات کرنے والوں کو پولیس نے گرفتار کیا جبکہ اصل خاطی کی گرفتاری میں ایک ہفتہ کا وقت لگ گیا۔ کانگریس پارٹی کسان خاندانوں کو انصاف کی فراہمی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ر