ممبئی: یوپی کے لکھیم پور میں جس طرح بی جے پی کے نائب وزیر اعلیٰ کے قافلہ نے بے قصور کسانوں کو روندا ہے اس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کی عدالتی انکوائری کرائی جائے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔اس طرح کا مطالبہ آج یہاں مہاراشٹر کانگریس کے سکریٹری ڈاکٹر سید ذیشان احمد نے کیا انہوں نے کانگریس کے سینئر لیڈر سچن پائلٹ کے ممبئی دورے کے دوران کئے گئے مطالبہ کی پرزور حمایت کی ۔ اور کہا کہ۔بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں جس طرح ملک میں کسانوں پر حملہ کئے جارہے ہیں اور ان پر ظلم کیا جارہا ہے اسے بہت ہی غلط بتاتے ہوئے کہا کہ جو کسان ہمیں کھانے کیلئے اناج پیدا کر کے دیتے ہیں مودی حکومت ان کی ایک بھی نہیں سن رہی ہے اور جبکہ ان کے آندولن کو دس مہینے سے بھی زیادہ ہو گیا ہے اور کسان دہلی سمیت کئی ریاستوں میں احتجاج کر رہے ہیں پھر بھی سرکار کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی ہے ۔ مہاراشٹر کانگریس کے سکریٹری نے ہریانہ کے وزیر اعلی کھٹر کے ذریعے کسانوں کے خلاف بولنے پر کہا کہ یہ بہت ہی افسوسناک ہے جس میں وزیر اعلی کھٹر کہہ رہے ہیں کہ لاٹھی اٹھاؤ اور کسانوں کو پیٹو، انہیں سبق سکھاؤ، چاہے تمہیں جیل جانا پڑے ۔ وزیر اعلی ہریانہ کا یہ اعلان بہت ہی خطرناک ہے اس طرح کسی وزیر اعلی کو نہیں کہنا چاہیئے لیکن بی جے پی کے وزرا اور ان کے لیڈران اس طرح کی زبان کا استعمال کر رہے ہیں جو کسی بھی پارٹی کیلئے اچھا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس ملک میں جمہوریت کے لئے خطرہ ہے۔