یوپی کے لکھیم پور کھیری میں 3 اکتوبر کو ہوئے تشدد کی عدالت کی نگرانی میں ہونے والی انکوائری کی درخواست پر سپریم کورٹ سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس این وی رمنا، جسٹس سوریا کانت اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ سماعت کرے گی۔گزشتہ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت کو واقعہ کے گواہوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی اور اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کو کہا تھا۔عدالت نے یوپی حکومت سے لکھیم پور تشدد میں صحافیوں رمن کشیپ اور شیام سندر کے قتل کی تحقیقات پر علیحدہ اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کو بھی کہا۔ اس دوران سپریم کورٹ نے یوپی حکومت سے کئی سوالات بھی کیے تھے۔ سماعت کے دوران اتر پردیش حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ہریش سالوے نے اسٹیٹس رپورٹ پیش کرتے ہوئے سپریم کورٹ کو بتایا کہ 68 گواہوں میں سے 30 گواہوں کے بیانات درج کیے جاچکے ہیں اور 23 لوگوں نے اس کے عینی شاہد ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ ریلی میں سینکڑوں کسان تھے اور صرف 23 گواہ آئے؟ تب سالوے نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے گواہی کے لیے اشتہار بھی جاری کیا ہے، ویڈیو ثبوت بھی ملے ہیں۔ تفتیش جاری ہے اور یوپی حکومت گواہوں کے ریکارڈ شدہ بیانات کو سیل بند لفافے میں دے سکتی ہے۔