لکھیم پور کھیری تشدد واقعہ کی تحقیقات میں تیزی

,

   

ایس آئی ٹی کا آشیش مشرا اور دیگر ملزمین کے ساتھ جائے حادثہ کا معائنہ

لکھنو: اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں تشدد واقعہ کی تحقیقات میں تیزی آگئی ہے۔ اس سلسلہ میں یو پی پولیس کی ایس آئی ٹی نے جمعرات کو مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا اور اس کے دوست انکت داس سمیت چار ملزمین کو جائے حادثہ پر لیجاکر واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔ ایس آئی ٹی نے ملزمین کی موجودگی میں جائے حادثہ پر کرائم سین کو ری کریئٹ (جرائم سے جڑے واقعہ کو دہرانا) کیا۔ کرائم سین ری کریئٹ کیے جانے کے عمل میں آشیش مشرا اور انکت داس کے علاوہ بندوق بردار لطیف اور ڈرائیور شیکھر بھارتی بھی شامل رہے۔ ایس آئی ٹی نے 3 ایس یو وی کاروں کا انتظام کیا تھا اور یہ بھی معلوم کیا کہ کس طرح تیز رفتاری سے چل رہی ان گاڑیوں نے کسانوں کو کچل دیا تھا۔ ملزمین سے موقع پر ان کی موجودگی کے بارے میں سوال پوچھا گیا کہ وہ وہاں کیا کر رہے تھے، جب کہ انھیں پتہ تھا کہ کسان وہاں احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ایس آئی ٹی نے معاملے میں چاروں لوگوں کے بیانات کی جانچ کی ہے۔ اس دوران ایس آئی ٹی کے ساتھ فارنسک سائنس لیباریٹری لکھنو کی ٹیم بھی موجود تھی۔ اس پریکٹس کے لیے موقع پر کثیر تعداد میں پولیس فورس کے ساتھ ہی پی اے سی اور آر اے ایف کے جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔ اس عمل کے لئے پورے علاقے کا محاصرہ کردیا گیا تھا جہاں 3 اکتوبر کو حادثہ ہوا تھا۔ اس حادثہ میں چار کسانوں کو ایک ایس یو وی نے کچل دیا تھا جس کے بعد پیدا تشدد میں 5 دیگر لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو آشیش مشرا کی پولیس حراست کا آخری دن ہے۔