کمیشن کی از خود کارروائی، صورتحال جاننے کے لئے ٹیم روانہ کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔22۔نومبر (سیاست نیوز) وقار آباد ضلع میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے انتخابی حلقہ کوڑنگل کے لگچرلا گاؤں میں پیش آئے حالیہ واقعات کا قومی انسانی حقوق کمیشن نے از خود نوٹ لیا ہے۔ قومی انسانی حقوق کمیشن نے گاؤں والوں کو پولیس ہراسانی اور جسمانی اذیت کے علاوہ مقدمات درج کئے جانے کے مسئلہ پر از خود کارروائی کرتے ہوئے حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔ ضلع کلکٹر وقار آباد اور دیگر عہدیداروں پر حملے کے واقعہ کے بعد گاؤں میں بڑے پیمانہ پر گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ قومی انسانی حقوق کمیشن نے چیف سکریٹری شانتی کماری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون دو ہفتہ تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ کمیشن نے کہا کہ جو شکایات کمیشن کو موصول ہوئی ہیں ، اگر وہ درست ہے تو یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سنگین معاملہ ہے ۔ حکومت اور پولیس سے حقائق پر مبنی رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ کمیشن کے مطابق رپورٹ میں ایف آئی آر کی حقیقی صورتحال ، عدالتی تحویل میں موجود افراد کی تفصیلات اور گاؤں والوں کی اراضیات کے حصول جیسے امور کی وضاحت کی جائے گی۔ کمیشن نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ آیا زخمی خواتین کو مناسب طبی امداد فراہم کی گئی یا نہیں ۔ انسانی حقوق کمیشن نے اپنی ٹیم روانہ کرنے کا فیصلہ کیا جو صورتحال کا برسر موقع جائزہ لیتے ہوئے اندرون ایک ہفتہ رپورٹ پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ انسانی حقوق کمیشن کو کئی نمائندگیاں روانہ کی گئیں جن میں شکایت کی گئی کہ ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد پر مظالم ڈھائے گئے ہیں۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر نے بھی انسانی حقوق کمیشن سے نمائندگی کی تھی۔ 1