حیدرآباد۔/30 جون، ( سیاست نیوز) لگژری کاروں کا سرقہ کرنے والے ایک عادی مجرم کو سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مادھا پور شلپا ویلی نے بتایا کہ 29 سالہ پاٹی ریڈی ارون ریڈی ساکن ٹی این جی اوز کالونی گچی باؤلی کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈی سی پی مادھا پور نے بتایا کہ گذشتہ روز ایک لگژری بی ایم ڈبلیو کار کے سرقہ ہونے کی شکایت کروائی گئی تھی۔ بالی ووڈ سے متعلق ایک پروگرام میں شریک خاتون کی کار کا سرقہ کرلیا گیا تھا۔ سارق خود کو والیٹ پارکنگ سے وابستہ شخص ظاہر کرتے ہوئے خاتون کی کار لے کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور پتہ لگایا کہ کار کو ایک فائیو اسٹار ہوٹل کی پارکنگ میں پارک کیا گیا تھا۔ اس نے اس کار کو پارک کرنے والے کی نشاندہی کرتے ہوئے پولیس نے پاٹی ریڈی ارون ریڈی کو حراست میں لے لیا۔ تحقیقات کے دوران ایک اور خلاصہ ہوا۔ سارق نے گذشتہ سال بھی ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی کا سرقہ کیا تھا اور اس گاڑی پر جھارکھنڈ اسٹیٹ کی نمبر پلیٹ لگاتے ہوئے استعمال کررہا تھا۔ خود ریڈی نے اپنے جرم کو قبول کیا۔ پولیس نے پاٹی ریڈی ارون ریڈی کے قبضہ سے دو لگژری بی ایم ڈبلیو گاڑیوں کو ضبط کرلیا۔ع