لگیج چارجس میں اضافہ کیلئے آر ٹی سی کا فیصلہ مسافرین پر بوجھ

   

حیدرآباد ۔ /23 فبروری (سیاست نیوز) ٹی ایس آر ٹی سی نے ، جس نے بلک کارگو ٹرانسپورٹ کے نام پر لاجسٹک بزنس کو اختیار کیا ہے لگیج چارجس میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اب اس کا منصوبہ بسوں میں مسافرین کی جانب سے لے جانے والے لگیج کے وزن پر پابندی عائد کرنے کا ہے ۔ بسوں میں 100 کلو گرام سے زائد وزن کا لگیج لے جانے والوں کو زیادہ رقم ادا کرنا ہوگا اور لگیج بلک کارگو کیرئیر میں بک کرنا ہوگا ۔ اب تک ٹی ایس آر ٹی سی بس میں سفر کرنے والے مسافرین کو 50 کلو گرام کا لگیج مفت لے جانے کی اجازت تھی اور مزید 50 کلو گرام لگیج کیلئے چارجس لئے جاتے تھے ۔50 کلو گرام کا فری لگیج کو تین پیاکٹس میں لے جانا ہوتا تھا اور قاعدہ یہ تھا کہ ہر پیاکٹ کا وزن 20 کلو گرام سے زیادہ نہ ہو ۔ باقی 50 کلو گرام کیلئے لگیج کرایوں کے مطابق آر ٹی سی کی جانب سے چارجس وصول کئے جاتے تھے اور اس کی کوئی حد نہیں ہوتی تھی ۔ عہدیداروں کے مطابق لگیج چارجس کا انحصار سفر کے فاصلہ پر ہوتا ہے ۔ سٹی سرویسیس میں کرایہ 0 تا 8 کلو میٹر فاصلہ کیلئے ایک روپیہ فی کلو گرام ہے ، 25 کلو میٹر اور زائد فاصلہ کیلئے یہ 5 روپئے فی کلو گرام ہے ۔ دیہی پلے ویلگو بسوں میں 0 تا 25 کلو میٹر کیلئے ایک روپیہ ہے ، 25 تا 100 کلو میٹر فاصلہ کیلئے 4 روپئے فی کلو گرام اور 200 کلو میٹر اوراس سے زیادہ فاصلہ کیلئے لگیج کرایہ 12 روپئے فی کلو گرام ہے ۔ ایکسپریس سرویسیس (رورل) میں یہ 500 کلو میٹر یا زائد فاصلہ کیلئے 24 روپئے فی کلو گرام ہے ۔ آر ٹی سی نے کارپوریشن کی مدد کیلئے زیادہ ریونیو حاصل کرنے کے مقصد سے کارگو سرویسیس کا آغاز کیا ہے ۔ لیکن اس نے یہ لازمی کیا کہ 100 کلو گرام سے زیادہ وزنی لگیج کو گڈس کے ٹرانسپورٹ کیلئے آتھرائزڈ کنٹراکٹرکے ذریعہ بک کروانا ہوگا ۔