اندرون 15 دن 110 پازیٹیو، تاحال 2 کی موت
حیدرآباد۔ ریاست میں لیاب ٹیکنشین کورونا وائرس کے نئے شکار بننے لگے ہیں اور گذشتہ 15یوم کے دوران 110لیاب ٹیکنیشن کورونا وائرس کے شکار ہوئے ہیں ۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں اب تک کورونا وائرس کے معائنوں کو انجام دینے والے 2 لیاب ٹیکنیشن کی موت واقع ہوئی ہے جن میں ایک چیسٹ ہاسپٹل اور دوسری ورنگل سے تعلق رکھنے والے لیاب ٹیکنیشن ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت میں لیاب ٹیکنیشن کی جملہ 1 ہزار 60جائیدادیں ہیں جن میں 208 مستقل ملازمین ہیں جبکہ 290 کنٹراکٹ کے اساس پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ محکمہ کے مطابق لیاب ٹیکنیشن کی 562جائیدادیں مخلوعہ ہیں اور کورونا وائرس کی وباء کے بعد سے ریاست بھر میں 498 لیاب ٹیکنیشن شب و روز معائنوں اور دیگر سرگرمیوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 110 لیاب ٹیکنیشن کی صحت مستحکم بتائی جارہی ہے لیکن خدمات انجام دے رہے لیاب ٹیکنیشن کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہاہے کہ انہیں ہفتہ میں تین یوم قرنطینہ میں رہنے کی اجازت دی جائے تاکہ کسی بھی طرح کی علامات کی صورت میں فوری وہ اپنے علاج و معالجہ پر توجہ مرکوز کرسکیں۔