حیدرآباد /18 نومبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے بدنام زمانہ لیاپ ٹاپ کا سرقہ کرنے والے ایک شاطر سارق کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی مادھاپور سے مسٹر اے وینکٹیشورا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 44 سالہ کسوما پال راج کو گرفتار کرلیا ۔ راجمنڈی مشرقی گوداوری کا ساکن کسوما بسوں میں سفر کرنے کے دوران سرقہ کرلیا کرتا تھا اور اکثر یہ سارق مسافرین کے لیاپ ٹاپ کو نشانہ بناتا تھا ۔ سرقہ کرنے کے بعد بس سے اتر کر وہ اپنے آبائی مقام چلاجاتا اور پھر چند روز بعد دوبارہ سرگرم ہوجایا کرتا تھا ۔ ڈی سی پی کے مطابق اس کے قبضہ سے 4 لاکھ روپئے مالیتی لیاپ ٹاپ کو ضبط کرلیا گیا ہے ۔ یہ شاطر سارق جملہ 10 وارداتوں میں ملوث ہے ۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس حدود میں 8 ایس آر نگر میں ایک اور وائزاک کے ایک پولیس اسٹیشن میںایک واردات انجام دی تھی ۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس نے اس شاطر کو گرفتار کرلیا ۔