واشنگٹن : ہرسال ستمبرکے پہلے پیرکو امریکہ میں لیبر ڈییا محنت کشوں کا دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن امریکہ کی خوشحالی میں اس کے ورکرز کے حصے اور ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر منایا جاتا ہے۔ صدر جو بائیڈن نے پیر کو لیبر ڈے کی سالانہ تعطیل کی تقریبات میں شرکت کیلئے کلیدی ریاستوں وسکانسن اور پنسلوانیا کا سفر کیا۔ اپنے خطاب میں صدر نے ملک کی مڈل کلاس کو یہ کہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا کہ متوسط طبقے نے امریکہ کی تعمیر کی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ یونینز ہیں جن کی وجہ سے متوسط طبقے کی تشکیل ہوئی۔اس سے قبل صدر نے اتوار کو ریا ست کیلیفورنیا کے کے اس اقدام کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا جو زرعی کارکنوں کو یونین کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے زیادہ وسیع طریقے فراہم کرے گا۔کیلیفورنیا کی مقننہ نے اس بل کی منظوری دیدی ہے، جس کے تحت کارکنوں کو بذریعہ ڈاک، یونین کیلئے ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت ہوگی۔تاہم کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے، اس اقدام کی موجودہ شکل میں مخالفت کی ہے، اور ایک ترجمان نے اس نظام کی آزمائش نہ کئے جانے اور الیکشن کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات نہ ہونے کے خدشات پر بات کی ہے۔بائیڈن کا کہنا تھا کہ حکومت کو ورکرز کی کی تنظیموں کے لئے رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے انہیں دور کرنے کیلئے کام کرنا چاہیے لیکن بالآخریہ انتخاب ورکرز کو کرنا ہوگا کہ آیا کسی یونین کو منظم کیا جائے۔