طرابلس ۔ 28ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کی قومی فوج نے دارالحکومت میں طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ملانے والی مرکزی شاہراہ اور اسٹریٹجک ٹرانسپورٹ کیمپ کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔لیبیا کے آرمی اورینٹیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر میجر جنرل خالد المحجوب نے تصدیق کی کہ فوج دارالحکومت طرابلس کے وسط تک پہنچنے کے قریب ہے اور دارالحکومت کے مرکزی علاقے سے صرف چار کلومیٹر کی دوری پر ہے۔انہوں نے ’العربیہ‘کو بتایا کہ فوج نے شہر کو کئی اطراف سے گھیر لیا ہے۔ طرابلس ہوائی اڈے کی مرکزی شاہراہ پر کنٹرول قائم کر لیا گیا ہے اور قومی وفاق ملیشیا کی سپلائی لائن کاٹ دی گئی ہے۔نیشنل آرمی نے محمد الشریف کی سربراہی میں الوفاق سرکاری ملیشیا کے ایک گروپ کو ہلاک کرنے کے ساتھ الفاروق ملیشیا کے ایک آپریشن کنٹرول روم کو تباہ کردیا۔جنرل المحجوب نے ترکی کی طرف سے لیبیا میں اپنی فوج اتارنے کے اعلان کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ترکی کی لیبیا میں مداخلت ناقابل معافی مہم جوئی تصور کی جائے گی اور لیبیا کو ترک فوج کا قبرستان بنا دیں گے۔انھوں نے بتایا کہ حکومت نواز ملیشیا کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کی نعشیں طرابلس ایئرپورٹ جانے والی سڑک پر بکھری پڑی ہیں۔
دہشت گردی کا شبہ ، لندن میں نوجوان گرفتار
لندن28؍ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام )برطانیہ کی مخالف دہشت گردپولیس نے ایک 21سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے جس سے متعلق یہ شبہ کیا جارہا ہے کہ وہ دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔مشرقی لندن میں ایک رہائش گاہ سے اس نوجوان کو ہفتہ کی صبح گرفتار کیا گیا ۔جس مکان سے گرفتار کیا گیا اس کی مکمل طور پر تلاشی لی گئی اور پوچھ تاچھ جاری ہے۔
پولیس نے نوجوان پر تاحال کوئی الزام عائد نہیں کیا اور نہ ہی اس کی شناخت بتائی ہے ۔