طرابلس : خانہ جنگی کے شکار شمالی افریقی ملک لیبیا میں اگلے ماہ دسمبر میں صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ اس الیکشن میں سابق آمر معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام نے بھی بطور امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔رواں برس چوبیس دسمبر کو لیبیا میں صدارتی الیکشن کے لیے ووٹنگ ہو گی۔ یہ انتخابات شیڈیول کے مطابق دس دسمبر سن 2018 کو ہونے تھے لیکن مسلسل مسلح تصادم کی وجہ سے انہیں مؤخر کر دیا گیا۔چوبیس دسمبر کو تمام امیدوار انتخابی عمل میں شریک ہوں گے اور اگر کوئی امیدوار واضح برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا، تو پھر چوبیس جنوری کو دوسرے مرحلے میں صرف ان دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا، جنہوں نے پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہوں گے۔ لیبیا کے صدارتی الیکشن کو اقوام متحدہ کے مصالحتی عمل کا نقطہ عروج قرار دیا گیا ہے۔ان انتخابات میں سابق مقتول آمر معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی بھی ایک امیدوار کے طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ صدارتی امیدوار کے طور پر انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی اتوار چودہ نومبر کو نیشنل الیکٹورل کمیشن میں جمع کرائے۔ یہ کاغذات قذافی کے بیٹے نے ملک کے جنوبی مغربی شہر سبھا میں جمع کروائے ہیں۔ ان کے صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار شریک ہونے کی تصدیق لیبین الیکشن کمشن کی جانب سے بھی سامنے آئی ہے۔