لیبیا : حفتر کی فوج کا طرابلس پر فضائی کنٹرول ، جنوب میں جھڑپیں جاری

   

طرابلس ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا دارالحکومت طرابلس کے جنوب میں شارع المطبات پر شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔اس سے قبل لیبیا کی قومی فوج کے ترجمان بریگیڈیر جنرل احمد المسماری نے جمعے کو علی الصبح تصدیق کی تھی کہ “ہم نے فضائی لحاظ سے طرابلس میں دشمن پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے”۔ العربیہ کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ “ہماری فورسز نے طرابلس میں وفاق کی حکومت کے بریگیڈز کے خلاف مختلف نوعیت کی کارروائیاں کی ہیں”۔المسماری نے زور دیا کہ “کمانڈر انچیف خلیفہ حفتر کی جانب سے ملیشیاؤں کے لیے ہتھیار ڈالنے کی یہ آخری کال ہے”۔ترجمان کے مطابق لیبیا کی قومی فوج کے یونٹوں نے دارالحکومت طرابلس کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ وفاق کی حکومت کے زیر انتظام ملیشیائیں اس معرکے کے کسی بھی مرحلے میں مسلح افواج کے سامنے ٹھہر نہیں سکیں گی۔