استنبول 18 جنوری ( اے ایف پی ) ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے خبردار کیا ہے کہ اگر لیبیا میں اقوام متحدہ کی مسلمہ حکومت کو زوال کا شکار کردیا جاتا ہے تو یوروپ کو دہشت گرد تنظیموں کے نئے خطرات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ ایک اخبار میں مضمون تحریر کرتے ہوئے اردغان نے کہا کہ یوروپی یونین لیبیا میں قومی اتحاد والی حکومت کی مناسب مدد نہیں کی جا رہی ہے اور ایسا کرنا در اصل یونین کے اصولوں ہی کے مغائر ہے ۔ ایسا کرنا جمہوری اصولوں اورانسانی حقوق کے بھی خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر لیبیا میں موجودہ حکومت زوال کا شکار ہوجاتی ہے تو پھر یوروپی یونین کو دہشت گرد تنظیموں کے نئے مسائل اور خطرات کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس اور القاعدہ جیسی تنظیمیں جنہیںشام اور عراق میں شکست ہوئی ہے لیبیا میں اپنے قدم جمانے کا موقع حاصل کرسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ لیبیا میں اقوام متحدہ کی مسلمہ حکومت کو جنرل خلیفہ ہفتار کی افواج سے شدید حملوں کا سامنا ہے اور وہاں مسلسل لڑائی چل رہی ہے جس میں اب تک سینکڑوں عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔