لیبیا : سیاسی بحران کے خاتمہ کیلئے سیف الاسلام قذافی کا منصوبہ

   

طرابلس : لیبیا میں صدارتی انتخابات کے امیدوار سیف الاسلام قذافی نے ملک میں صدارتی انتخابات ملتوی کرنے اور پارلیمانی انتخابات فوری طور پر منعقد کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس تجویز کا مقصد ملک کو درپیش سیاسی بحران کا حل ہے۔ لیبیا میں حکام گذشتہ دسمبر میں انتخابات کے انعقاد سے قاصر رہے جب کہ تمام سیاسی فریق آئندہ مرحلے کے نقشہ راہ پر اتفاق رائے میں ناکام ہو گئے۔سیف الاسلام قذافی کی یہ تجویز ان کی جانب سے اپنے وکیل خالد الزائدی کے ذریعے پیش کیے جانے والے منصوبے میں شامل ہے۔ سیف کے مطابق نئی پارلیمنٹ کا انتخاب ملک کو جنگ اور انقسام سے بچانے کے ساتھ ساتھ 25 لاکھ رائے دہندگان کے حق رائے شماری کا احترام کرے گا۔سیف نے زور دیا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ نئے عبوری مراحل کا راستہ روک دیا جائے جو ملک کو باہمی لڑائی کی ایک نئی صورت حال کی نذر کر دیں گے۔ اس کی وجہ دو متوازی حکومتوں کا وجود ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں سبھا شہر میں صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے اگلے روز سے سیف الاسلام قذافی روپوش ہیں۔ اس روپوشی نے تنازعہ پیدا کر دیا جس کے بعد انتخابی کمیشن نے سیف الاسلام کو نامزد امیدواروں کی ابتدائی فہرست سے خارج کر دیا تھا۔ بعد ازاں سبھا کی عدالت نے ان کا نام صدارتی انتخابات کے لیے امیدواران کی حتمی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ جاری کیا۔